
ایمیزون نے چینی سوشل میڈیا ایپ ’ٹک ٹاک‘ خریدنے کے لیے وائٹ ہاؤس کو باضابطہ پیشکش کی ہے۔ رپورٹس کے مطابق ایمیزون نے اس ہفتے امریکی نائب صدر جے ڈی وینس اور سیکریٹری کامرس ہاورڈ لٹ نک کو خط ارسال کیا لیکن اسے سنجیدگی سے نہیں لیا جا رہا کیونکہ یہ پیشکش ٹک ٹاک پر امریکا میں ممکنہ پابندی کی ڈیڈ لائن کے قریب جمع کرائی گئی۔امریکا میں ٹک ٹاک کا مستقبل غیر یقینی ہے، اگر اس کی مالک کمپنی بائٹ ڈانس 5 اپریل تک امریکی آپریشنز فروخت نہ کر سکی تو ایپ پر پابندی لگ سکتی ہے۔ گزشتہ سال دی گئی 19 جنوری کی ڈیڈ لائن کو سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 75 دن بڑھایا تھا اور ٹرمپ بدھ کو ٹک ٹاک کے مستقبل کا فیصلہ سنا سکتے ہیں۔ٹک ٹاک کے 17 کروڑ سے زائد امریکی صارفین اور اس کا بڑھتا ہوا ’ٹک ٹاک شاپ‘ پلیٹ فارم ایمیزون کے لیے پرکشش ہیں۔ گزشتہ سال اگست میں دونوں کمپنیوں کے درمیان معاہدہ ہوا تھا جس سے صارفین ٹک ٹاک کے ذریعے ایمیزون سے خریداری کر سکتے تھے لیکن اس پر قومی سلامتی کے خدشات اٹھے تھے۔