
کراچی کے علاقے لیاری میں عمارت گرنے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ یہ انتہائی افسوسناک واقعہ ہے، متعلقہ حکام فوری رپورٹ پیش کریں، ریسکیو ٹیمیں ملبے تلے دبے افراد کو فوری نکالنے کے لیے اقدامات کریں جبکہ زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی جائے۔
وزیراعلیٰ سندھ کو فراہم کی جانے والی ابتدائی بریفنگ میں بتایا گیا کہ لیاری میں عمارت گرنے کے بعد ریسکیو آپریشن جاری ہے، ملبے سے اب تک 5 زخمی افراد کو نکالا گیا۔
وزیراعلیٰ نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی سے شہر کی بوسیدہ و خستہ حال عمارتوں کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے ہدایت جاری کیں کہ خطرناک عمارتوں کی فوری نشاندہی اور شہریوں کی حفاظت کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں، اس حوالے سے غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔