خاتون کے ’منہ میں ڈاکو کی کٹی ہوئی انگلی‘ جس نے پولیس کو ملزموں تک پہنچا دیا


دسمبر کی ایک خاموش رات، پنجاب کے ضلع قصور کے نواحی علاقے پتوکی کی ایک سنسان گلی میں گہری خاموشی تھی۔ ہوا درختوں کی شاخوں سے ٹکرا کر مدھم سرسراہٹ پیدا کر رہی تھی۔ اسی دوران کچھ سایے آہستہ آہستہ ایک مکان کی جانب بڑھتے نظر آ رہے تھے۔ وہ دروازے کے قریب رُکے، اِرد گرد کا جائزہ لیا اور پھر اندر داخل ہو گئے۔پولیس کے مطابق یہ ڈکیتی کی ایک واردات تھی، جس کی ہر پہلو سے مکمل تیاری کی گئی تھی۔ مکان میں ایک خاتون پروفیسر اکیلی موجود تھیں، اور ڈاکو انہیں ایک آسان شکار سمجھ کر آئے تھے۔ مکان میں داخل ہونے کے ساتھ ڈاکوؤں نے گھر کی الماریاں کھول کر قیمتی اشیا اور نقدی اکٹھی کرنا شروع کر دیں، مگر اُسی دوران ان سے ایک غلطی ہوئی جو ان کے لیے وبالِ جان بن گئی۔پولیس حکام کے مطابق، قصور کی ایک یونیورسٹی میں بطور سکیورٹی گارڈ کے طور پر کام کرنے والے شخص نے اس ڈکیتی کے لیے ایک گروہ تشکیل دیا تھا۔ یہی گروہ پتوکی میں خاتون پروفیسر کے گھر پر واردات کرنے پہنچا، تو یہ ان کی آخری ناکام ڈکیتی ثابت ہوئی۔تھانہ پتوکی کی حدود میں پولیس کو ہنگامی نمبر 15 پر کال موصول ہوئی۔ ایک خاتون نے پولیس کو لرزاں لہجے میں بتایا کہ ان کے گھر پر ڈکیتی کی واردات ہوئی ہے۔پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی تو خاتون نے پولیس کو ایک انسانی انگلی کا اوپری حصہ تھما دیا جس سے خون بہہ رہا تھا۔ تفتیشی نقطہ نظر سے دیکھا جائے تو یہ ایک آسان مگر دلچسپ کیس تھا۔یہ واقعہ دسمبر 2023 میں پیش آیا تھا۔ اس واقعے سے متعلق سوشل میڈیا پر کئی دعوے کیے جا رہے ہیں، جن میں بتایا جا رہا ہے کہ یہ واقعہ حال ہی میں قصور کے علاقے کنگن پور میں پیش آیا ہے۔ تاہم کنگن پور کے موجودہ ایس ایچ او حافظ عاطف نذیر کا کہنا ہے کہ حال ہی ایسا کوئی واقعہ رونما نہیں ہوا۔ خاتون نے مدد کے لیے پنجاب پولیس کی ہیلپ لائن پر کال کی تھی۔ (فوٹو: پولیس)جب یہ واقعہ پیش آیا تو اُس وقت تھانہ پتوکی میں طاہر محمود خاں ایس ایچ او کے طور پر تعینات تھے، جو ان دنوں لاہور کے تھانہ ڈیفنس اے میں بطور انچارج انویسٹی گیشن خدمات انجام دے رہے ہیں۔انہوں نے اردو نیوز کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ’یہ واقعہ پرانا ہے لیکن حال ہی میں سوشل میڈیا پر اس کی ویڈیوز دوبارہ شئیر ہو رہی ہیں۔‘ان کے مطابق چند سال قبل پتوکی میں ایک خاتون پروفیسر اپنے گھر پر اکیلی تھیں جب چند ڈکیت ان کے گھر میں گھس گئے۔ ان میں سے ایک ڈکیٹ کا تعلق قصور کے علاقے کنگن پور سے تھا۔ وہ گھر سے نقدی، سونا اور دیگر چیزیں چوری کر رہے تھے، جب خاتون نے خوف کے مارے شور مچانا شروع کر دیا۔حکام کے مطابق یہ خاتون خوف زدہ ضرور تھیں لیکن بے بس نہیں تھیں۔ جیسے ہی ڈکیت نے الماری کی طرف رُخ کیا تو وہ چیخنے لگیں۔یونیورسٹی میں کے ایک سکیورٹی گارڈ نے ڈکیتی کے لیے ایک گروہ تشکیل دیا تھا۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)طاہر محمود خاں کے مطابق، چیخ و پکار سن کر ایک ڈاکو اُن کی جانب لپکا اور اپنا ہاتھ ان کے منہ پر رکھ دیا تاکہ ان کی آواز باہر نہ جا سکے۔ لیکن اسی لمحے، کچھ ایسا ہوا جس کی کسی کو توقع نہیں تھی۔ڈکیتی کے دوران جب ایک ڈکیت نے خاتون کے منہ پر ہاتھ رکھا، تو اس کی ایک انگلی خاتون کے منہ میں چلی گئی۔ خاتون نے پوری قوت سے اس ڈاکو کی انگلی چبا ڈالی اور اس کی انگلی کا ایک حصہ خاتون کے منہ میں ہی رہ گیا۔پولیس حکام کے مطابق، دہشت، درد اور بے بسی کی تصویر بنا ڈاکو ایک پل کے لیے ساکت ہو گیا۔ اس کے منہ سے ایک زوردار چیخ نکلی، جسے سن کر اُس کے باقی ساتھی بدحواس ہو گئے۔ ان کے لیے صورتحال اب بگڑ چکی تھی اس لیے وہ جلدی سے باہر کی طرف لپکے اور فرار ہو گئے۔پولیس جب جائے وقوعہ پر پہنچی، تو خاتون کے ہاتھ میں ایک انسانی انگلی کا اوپری حصہ تھا۔ پولیس اہلکاروں نے یہ ’ناقابلِ یقین منظر‘ دیکھا تو حیران رہ گئے۔ ایس ایچ او طاہر محمود خاں بتاتے ہیں کہ ’پولیس نے زخمی انگلی کا حصہ قبضے میں لیا اور خاتون کو تسلی دی۔ اس کے بعد ہم نے کٹی ہوئی انگلی کا حصہ پنجاب فارنزک سائنس ایجنسی کے حوالے کیا تاکہ ملزموں تک رسائی حاصل کی جا سکے۔‘عدالت میں چالان جمع ہوا جس کے بعد ملزموں کو سزا سنائی گئی۔ (فوٹو: فلکر)یہ ثبوت اس قدر اہم تھا کہ جرم سے انکار ممکن نہیں تھا۔ پولیس نے کٹی ہوئی انگلی پنجاب فارنزک سائنس ایجنسی کو بھجوائی، جہاں سے پرنٹس حاصل کیے گئے اور نادرا کے حوالے کر دیے گئے۔ طاہر محمود خاں بتاتے ہیں کہ ’نادرا کی جانب سے ہمیں ملزم کا شناختی کارڈ ملا جس سے اس کا ایڈریس، نام اور دیگر کوائف بآسانی حاصل ہو گئے۔ پولیس نے چھاپہ مارا تو وہ شخص گرفتار کر لیا گیا۔ یہ معاملہ اس قدر دلچسپ تھا کہ ملزم کسی صورت ڈکیتی کی واردات سے انکار نہیں کر سکتا تھا، کیونکہ انگلی کا ایک حصہ پولیس کے پاس تھا اور اس کی اپنی انگلی کٹی ہوئی تھی۔‘اس کے بعد اُس کے دیگر ساتھیوں کی بھی شناخت ہوئی اور انہیں گرفتار کر لیا گیا۔ چوری شدہ سامان برآمد کیا گیا اور ملزموں کے خلاف مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی مکمل کی گئی۔ عدالت میں چالان جمع ہوا جس کے بعد ملزموں کو سزا سنائی گئی۔

 
 

Watch Live TV Channels
Samaa News TV 92 NEWS HD LIVE Express News Live PTV Sports Live Pakistan TV Channels
 

مزید پاکستان کی خبریں

آئی ٹی گریجویٹس کی تربیت، خیبر پختونخوا حکومت کا دو سعودی کمپنیوں سے معاہدہ

ٹیکس نیٹ میں موجود ریٹیلرز پر مزید بوجھ نہیں ڈالیں گے ، شہباز شریف

ای ووٹنگ سسٹم پر انڈیا، اسرائیل سے ہیکنگ کی کوشش کی گئی، ڈائریکٹر آئی ٹی کا سپریم کورٹ میں انکشاف

میٹرکس سمٹ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کی تحریک ہے،حسن نثار

چیف جسٹس سے اپوزیشن رہنماؤں کی ملاقات، پی ٹی آئی نے کیا اہم مطالبات پیش کیے؟

وفاق المدارس کس قانون کے تحت ڈگریاں دیتی ہے: اسلام آباد ہائیکورٹ

عافیہ صدیقی کی رہائی کے بدلے شکیل آفریدی حوالگی کی تجویز قابل عمل نہیں: وفاقی حکومت

کراچی میں گھریلو خاتون نے ڈکیتی کی کوشش کس طرح ناکام بنائی؟

لائیو: اوورسیز کو ای ووٹنگ کی سہولت دینا ’غیرمحفوظ‘ ہے: الیکشن کمیشن

لائیو: چیف جسٹس سے اپوزیشن کے سات رکنی وفد کی ملاقات

بانی پی ٹی آئی فیض حمید کو آرمی چیف بنانا چاہتے تھے، خواجہ آصف

اسٹاک ایکسچینج میں ملا جلا رجحان ، ڈالر کی قیمت میں کمی

پنجاب کو تاریخ ، تہذیب اور سیاحت کا ریجنل اور انٹرنیشنل مرکز بنانے کا منصوبہ

یوٹیلیٹی اسٹورز کو بند نہیں کیا جا رہا، رانا تنویر حسین

چیف جسٹس سے تحریک انصاف کے وفد کی ملاقات

عالمی خبریں تازہ ترین خبریں
پاکستان کی خبریں کھیلوں کی خبریں
آرٹ اور انٹرٹینمنٹ سائنس اور ٹیکنالوجی