
بلوچستان کے ضلع لسبیلہ میں نامعلوم افراد نے حجام کی دکان پر فائرنگ کرکے تین افراد کو قتل اور ایک کو زخمی کر دیا- پولیس کے مطابق یہ واقعہ جمعے کی رات کو لسبیلہ کے ضلعی ہیڈکوارٹر اوتھل کے مصروف علاقے سول ہسپتال روڈ پر پیش آیا۔ایس ایس پی حب عاطف عامر نے بتایا کہ فائرنگ سے تین افراد ہلاک جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔ لاشوں اور زخمی کو سول ہسپتال اوتھل پہنچا دیا گیا۔ان کے مطابق مقتولین میں سے دو کا تعلق پنجاب جبکہ ایک کا کوئٹہ سے تھا۔ پنجاب سے تعلق رکھنے والے افراد ایک دہائی سے زائد عرصے سے یہاں مقیم تھے اور حجام کا کام کر رہے تھے۔پولیس نے علاقے کی ناکہ بندی کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔بلوچستان میں اس سے قبل بھی پنجاب سے تعلق رکھنے والے افراد کو نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔ ایسے واقعات کی زیادہ تر ذمہ داری کالعدم بلوچ مسلح تنظیمیں قبول کرتی رہی ہیں۔عینی شاہدین کے مطابق فائرنگ موٹرسائیکلوں پر سوار چار نامعلوم افراد نے کی جو واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ مقتولین کی شناخت پنجاب کے علاقے بہاولپور کے رہائشی محمد اصغر ولد فیض بخش اور رحیم یار خان کے رہائشی محمد اسحاق ولد عبدالرزاق کے نام سے ہوئی۔ تیسرے شخص کی شناخت کوئٹہ کے رہائشی محمد سمیر ولد عبدالکریم بڑیچ کے نام سے ہوئی ہے جو بال بنوانے حجام کی دکان آیا تھا۔ پولیس کے مطابق زخمی کو ابتدائی طبی امداد کے بعد مزید علاج کے لیے کراچی منتقل کر دیا گیا۔ ضلع کیچ میں نادرا کا دفتر نذرِآتش بلوچستان کے ضلع کیچ میں نامعلوم عسکریت پسندوں نے نادرا کے دفتر کو نذرِآتش کردیا-عینی شاہدین کے مطابق موٹرسائیکلوں پر سوار چار نامعلوم افراد فائرنگ کے بعد فرار ہوگئے (فائل فوٹو: پَکسابے)ضلعی ہیڈ کوارٹر تربت سے تقریباً 70 کلومیٹر دور ہوشاب میں موٹرسائیکلوں پر سوار 20 سے زائد مسلح افراد نے لیویز کے تھانے اور نادرا کے دفتر پر حملہ کیا۔ایس ایچ او لیویز تھانہ ہوشاب منظور احمد نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’مسلح افراد نے نادرا کے دفتر کو آگ لگا کر نقصان پہنچایا۔‘انہوں نے مزید بتایا کہ ’مسلح افراد اور لیویز اہلکاروں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا جس کے بعد حملہ آور فرار ہوگئے۔‘ان کا کہنا تھا کہ ’تھانے میں 10 غیر مقامی مزدور موجود تھے جنہیں پولیس نے بچا لیا۔‘بلوچستان میں ہی ضلع کچھی (بولان) کے علاقے ڈھاڈر میں لیویز تھانے پر نامعلوم افراد دستی بم اور گرینیڈ پھینک کر فرار ہوگئے۔ دستی بم دھماکے سے پھٹ گیا، تاہم دھماکے سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔بولان کی تحصیل بھاگ میں بھی نامعلوم افراد نے تھانے کے قریب زراعت کے دفتر پر دستی بم سے حملہ کیا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔