
برطانوی پولیس شمالی لندن میں وزیر اعظم کیئر اسٹارمر کے گھر میں رات لگنے والی آگ کی تحقیقات کر رہی ہے جس میں کسی کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق کیئر اسٹارمر کے ترجمان ڈاؤننگ اسٹریٹ دفتر نے بتایا کہ وزیراعظم نے ایمرجنسی سروسز کا شکریہ ادا کیا، جبکہ اس واقعے پر تحقیقات جا رہی ہیں، اس لیے مزید تبصرہ نہیں کریں گے۔پولیس نے برطانوی رہنما کا نام لیے بغیر ایک بیان میں کہا کہ انہیں مقامی وقت کے مطابق رات ایک بج کر 35 منٹ کے قریب آگ لگنے کی اطلاع موصول ہوئی۔لندن کی میٹروپولیٹن پولیس نے بتایا کہ افسران جائے وقوع پر پہنچے، گھر کے داخلی دروازے کو نقصان پہنچا، اس کے علاوہ کسی کو نقصان نہیں پہنچا، لندن کی میٹروپولیٹن پولیس نے کہا کہ “آگ لگنے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں اور جگہ کو کورڈن آف کر دیا گیا ہے۔کیئر اسٹارمر کا شمالی لندن میں گھر ہے، وہ گزشتہ جولائی میں وزیر اعظم بننے کے بعد سے اپنے ڈاؤننگ اسٹریٹ کے دفتر اور رہائش گاہ پر مقیم ہیں۔