
ویتنام کے سرکاری دورے پر پہنچنے والے فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کو اُس وقت ناپسندیدہ توجہ کا سامنا کرنا پڑا جب اُن کی اور اہلیہ بریجیٹ میکرون کے درمیان طیارے میں ہونے والی کشیدگی نے سوشل میڈیا پر جگہ بنالی۔
جہاز کے دروازے کھلنے کے ساتھ ہی، بریجیٹ میکرون نے شوہر کا چہرہ بظاہر ناراضی سے دوسری جانب موڑ دیا، جسے کیمرے کی آنکھ نے محفوظ کرلیا۔ جیسے ہی دونوں باہر آئے، صدر میکرون نے رسمی انداز میں ہاتھ ہلانے کی کوشش کی، مگر خاتون اول نے ان کے ہاتھ تھامنے کے بجائے سیڑھی کی ریلنگ کو ترجیح دی، جس سے معاملے کی سنجیدگی کا اندازہ ہوا۔
یہ ویڈیو دیکھتے ہی دیکھتے انٹرنیٹ پر وائرل ہوگئی۔ ابتدائی طور پر ایلیسی پیلس نے اسے جھوٹی خبر قرار دیا، تاہم فرانسیسی میڈیا نے اس کی اصلیت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ دونوں کے درمیان واقعی تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا تھا۔
جبکہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میکرون نے کہا ہے کہ اہلیہ کے ساتھ ہلکے پھلکے انداز میں تکرار بلکہ مذاق کر رہا تھا، واقعے کو کوئی بہت بڑی آفت یا تباہی بنا کر پیش کیا جا رہا ہے۔
یہ واقعہ نہ صرف فرانسیسی صدر کی نجی زندگی پر روشنی ڈالتا ہے بلکہ یہ بھی ظاہر کرتا ہے کہ عالمی رہنما کتنی بار ذاتی اور عوامی زندگی کے توازن میں مشکلات کا سامنا کرتے ہیں، چاہے وہ دورہ سفارتی ہو یا ذاتی۔