
وزیراعظم شہباز شریف پاکستان، ترکیہ اور آذربائیجان کے سہ فریقی اجلاس میں شرکت کے لیے آذربائیجان کے شہر لاچین پہنچ گئے۔ سرکاری میڈیا کی رپورٹ کے مطابق لاچین کے ہوائی اڈے پر آذربائیجان کے وزیر خارجہ جیہون بیراموف ، آذر بائیجان میں تعینات پاکستانی سفیر قاسم محی الدین اور دیگر سفارتی عملے نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔وزیراعظم شہباز شریف، ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان اور آذربائیجان کے صدر الہام علییوف کے ہمراہ پاکستان، ترکیہ اور آذربائیجان کے سہ فریقی اجلاس میں شرکت کریں گے۔ وزیراعظم شہباز شریف آذر بائیجان کے صدر الہام علییوف سے دو طرفہ ملاقات بھی کریں گے۔نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحٰق ڈار ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف نے ایران میں سپریم لیڈر خامہ ای اور ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے بھی ملاقاتیں کی تھیں، پاک-بھارت جنگ میں حمایت پر ایرانی قیادت کا شکریہ ادا کیا تھا، اور دو طرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے پر اتفاق رائے کیا تھا۔قبل ازیں وزیراعظم نے ترکیہ میں بھی صدر رجب طیب اردوان اور ترک قیادت سے ملاقاتیں کیں، چار ملکی دورے کے اگلے مرحلے میں وزیراعظم شہباز شریف تاجکستان بھی جائیں گے، جہاں وہ گلیشئرز کانفرنس میں شرکت کرنے کے علاوہ تاجکستان کی اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔