
کراچی میں پری مون سون کی ہلکی دستک کے بعد موسم نے ایک بار پھر کروٹ لی ہے۔ آج بھی شہر کا آغاز سخت گرمی سے ہوا، جبکہ درجہ حرارت 37 سے 39 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 73 فیصد تک پہنچنے کے باعث گرمی کی شدت 44 ڈگری تک محسوس کی جا رہی ہے، جو شہریوں کے لیے غیر معمولی حد تک تکلیف دہ ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں پری مون سون اثرات نمایاں ہونا شروع ہو چکے ہیں۔ اگرچہ بارش کا نظام مکمل طور پر فعال نہیں، تاہم آج دوپہر کے بعد چند علاقوں میں ہلکی بارش یا بوندا باندی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ سرجانی ٹاؤن، گلشن معمار، سپر ہائی وے اور دیگر شمالی و وسطی مضافاتی علاقوں میں بارش برسانے والے بادل بننے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ ان مقامات پر تیز ہوائیں اور آندھی کی صورتحال بھی جنم لے سکتی ہے۔
ماہرین موسمیات کے مطابق، بارش کا یہ ممکنہ سلسلہ کسی منظم سسٹم کا حصہ نہیں بلکہ مقامی سطح پر پیدا ہونے والے اثرات کی وجہ سے ہے، اس لیے بارش مختصر دورانیے کی اور محدود علاقوں تک ہو سکتی ہے۔ اس کے باوجود شہر کے کچھ حصوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور آندھی کی صورتحال کو مکمل طور پر نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔
گزشتہ روز بھی کراچی کے متعدد علاقوں میں پری مون سون سسٹم کے اثرات دیکھنے کو ملے تھے، جہاں شام کے وقت بادل چھا گئے، ٹھنڈی ہوائیں چلیں اور پھر ہلکی سے درمیانی شدت کی بارش نے موسم کو کچھ دیر کے لیے خوشگوار بنا دیا۔ بلدیہ ٹاؤن، سرجانی، کاٹھور اور سپر ہائی وے کے قریب واقع علاقوں میں یہ تبدیلی سب سے زیادہ محسوس کی گئی۔
شہر میں جاری یہ غیر یقینی موسمی صورتحال اگلے چند روز تک جاری رہنے کا امکان ہے، جس کے دوران گرمی کی شدت اور مختصر بارشوں کا سلسلہ ایک ساتھ چلتا رہے گا۔ شہریوں کو چاہیے کہ وہ غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں اور موسمی اپ ڈیٹس سے باخبر رہیں۔