
پاکستانی سفارتی وفد کی اہم رکن سینیٹر شیری رحمان نے برسلز میں کامیاب دورہ مکمل ہونے پر وفد کی قیادت کرنے والے بلاول بھٹو کو خراج تحسین پیش کیا۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’’ایکس‘‘ پر پیغام جاری کرتے ہوئے شیری رحمان نے کہا کہ برسلز میں پاکستان کی سفارتی ٹیم نے کامیاب دورہ مکمل کیا، بلاول بھٹو زرداری نے بہترین انداز میں وفد کی قیادت کی۔انہوں نے کہا کہ دہشتگردی، عالمی تنازعات کے باوجود پاکستان کی نمائندگی بھرپور توانائی اور وقار کے ساتھ کی گئی۔ برسلز سے کچھ اراکین وطن واپس جا رہے ہیں جبکہ باقی اسٹراسبرگ میں مشن جاری رکھیں گے۔شیری رحمان نے کہا کہ دو ہفتوں سے مسلسل نان اسٹاپ اجلاس اور ملاقاتوں کے بعد پاکستان کے بیانیہ کو دیانتداری اور جذبے کے ساتھ پیش کیا گیا۔ عالمی کشیدگی کے دور میں سفارت کاری، کثیرالجہتی تعلقات اور بین الاقوامی قوانین کی اہمیت پر زور دیا گیا۔وفد کی اہم رکن شیری رحمان نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے ٹیم پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا، جس پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔