
پاکستان کی قومی ایئرلائن پی آئی اے نے خلیج فارس کی صورتحال کے باعث فضائی آپریشن کو محدود کر دیا ہے۔پیر کی رات قومی ایئرلائن کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق پی آئی اے کا پاکستان سے قطر، بحرین، کویت اور دبئی کا فضائی آپریشن منسوخ کر دیا گیا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ پروازوں کے شیڈول کی منسوخی کا فیصلہ خلیجی ممالک میں جنگی صورتحال کے باعث کیا گیا۔’حالات معمول پر آنے کے بعد پی آئی اے کی پروازیں دوبارہ شروع کر دی جائیں گی۔‘ترجمان نے کہا ہے کہ ’ایسے تمام مسافر جو ان پروازوں پر سفر کررہے تھے، سے گزارش ہے کہ اپنی پرواز سے متعلق بروقت معلومات پی آئی اے کے کال سینٹر سے حاصل کریں۔‘ان کا کہنا تھا کہ ’پی آئی اے کے ریزرویشن کے شعبے نے مسافروں کی بکنگ کو دوسری پروازوں پر منتقلی کا کام شروع کر دیا یے۔‘پی آئی اے نے کہا ہے کہ ’منسوخی سے ہونے والی زحمت کے لیے معذرت خواہ ہیں مگر مسافروں کی حفاظت تمام امور پر مقدم ہے۔‘