خلیجی ممالک کے لیے پی آئی اے کا آپریشن بحال، قطر ایئرویز کی پروازیں منسوخ


ایران کی جانب سے قطر اور عراق میں امریکی فوجی اڈوں پر حملے کے بعد خلیجی فضائی حدود کی بندش کے بعد متاثر ہونے والی پی آئی اے اور دیگر ایئر لائن کی پروازیں آج تاخیر سے متاثرہ شیڈول کے ساتھ بحال ہو رہی ہیں تاہم قطر کے لیے پروازوں کی بحالی فی الحال نہیں ہو سکی۔ اسی طرح قطر سے اسلام آباد اور دیگر شہروں کو آنے والی پروازیں بھی منسوخ کر دی گئی ہیں۔پیر اور منگل کی درمیانی شب ایران کی جانب سے قطر اور عراق میں امریکی فوجی اڈوں پر ہونے والے حملوں کے بعد خلیج کی فضائی حدود کی بندش نے پاکستان کے بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر بھی فضائی آپریشن کو شدید متاثر کیا۔ کئی پروازیں منسوخ ہوئیں، متعدد کو متبادل ایئرپورٹس پر اتارنا پڑا اور بعض کو روانگی کے بعد واپس موڑ دیا گیا۔جس کے بعد پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز نے خلیجی ممالک کے لیے اپنی پروازیں روک دی تھیں۔ترجمان پی آئی اے رحیم داد خان نے اردو نیوز کو بتایا ہے کہ تمام خلیجی ممالک بشمول سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات نے اپنی فضائی حدود کھول دی ہیں جس کے بعد پروازوں کی آمد و رفت کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ ’چونکہ فضائی حدود کی بندش سے بہت ساری پروازیں تاخیر کا شکار ہوئی ہیں۔ پروازوں کا رخ موڑنے کی وجہ سے بہت سارے ایئرپورٹس پر اس وقت رش دیکھا جا رہا ہے۔ جس کی وجہ سے شیڈول متاثر ہوا ہے۔ جتنی بھی پروازوں میں تاخیر ہوئی ہے یا ان کا رخ موڑا گیا ہے پہلے ان کو روانہ کیا جا رہا ہے اس کے باعث صورتحال معمول پر آنے میں ایک سے دو دن لگ سکتے ہیں۔‘رحیم داد نے کہا کہ صرف کل کے دن میں اس کشیدگی کے باعث پی آئی اے کی 14 پروازیں متاثر ہوئی تھیں۔ ان 14 پروازوں کو نئے شیڈول کے مطابق روانہ کرنے کے بعد دیگر پروازوں کا شیڈول معمول پر لانے میں وقت لگے گا۔دوسری جانب پاکستان کے مختلف ایئرپورٹس پر بین الاقوامی پروازوں کا سلسلہ بحال ہو چکا ہے تاہم خلیجی ممالک سے آنے والی زیادہ تر پروازیں تاخیر کا شکار ہیں یعنی وہ ابھی تک وہاں سے روانہ نہیں ہو سکیں۔ جس کے باعث امکان یہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ پاکستان سے روانہ ہونے والی کئی پروازیں جن میں سعودی عرب میں دمام، جدہ، متحدہ عرب امارات میں ابو ظہبی، دبئی اور شارجہ سے آنے والی کچھ پروازیں شامل ہیں۔کراچی، لاہور اور اسلام آباد سمیت مختلف ایئرپورٹ کی 55 پروازوں میں تاخیر ہے جبکہ منسوخ پروازوں میں قطر ایئر ویز کی کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور اور سیالکوٹ کی 14 پروازیں شامل ہیں۔کراچی سے جدہ، دوحہ، استنبول کی آٹھ منسوخ کی گئی ہیں جبکہ کراچی سے دبئی کی غیرملکی ایئر کی دو پروازیں بھی منسوخ کردی گئی ہیں۔لاہور سے شارجہ، مسقط، ریاض کی پانچ پروازیں منسوخ شیڈول میں شامل ہیں۔ قطر ایئر ویز کی لاہور کی دو، اسلام آباد کی چار پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں۔پشاور سیالکوٹ کی قطر ایئرویز کی چار پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں، شارجہ سے پشاور، دبئی، ابوظہبی کی پانچ پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں۔دوسری جانب قومی ایئر کی لاہور سے مدینہ کی پرواز پی کے 747 میں 13 گھنٹے تاخیر ہوئی ہے جبکہ دوحہ سے کراچی، لاہور کے لیے پرواز کیو آر 621 میں 10 گھنٹے تاخیر ہوئی ہے۔اسلام آباد دبئی کی قومی ایئر کی پرواز پی کے 233 میں 15 اور بحرین سے اسلام آباد کی دو پروازوں میں چار گھنٹے تاخیر ہوئی ہے۔حکام کے مطابق اج صبح ان ممالک سے کچھ پروازیں پاکستان پہنچی بھی ہیں۔ لیکن گزشتہ رات پیدا ہونے والی صورتحال کے باعث فضائی آپریشن مکمل طور پر بحال ہونے میں وقت لگے گا۔ بالخصوص ایوی ایشن حکام نے اُمید ظاہر کی ہے کہ آج (منگل) سے اسلام آباد سے سعودی عرب اور امارات کا فضائی آپریشن دوبارہ بحال ہو رہا ہے کیونکہ متحدہ عرب امارات نے اپنی فضائی حدود کھول دی ہے۔پی آئی اے کے ترجمان کے مطابق، گزشتہ روز اسلام آباد سے دبئی روانہ ہونے والی منسوخ شدہ پروازیں آج روانہ ہوں گی۔ دبئی ایئرپورٹ پر بھی آمدورفت بحال ہونے لگی ہے، جس سے مسافروں کو کچھ ریلیف ملا ہے۔دوسری جانب اسلام آباد ایئرپورٹ سے قطر جانے والی قطر ایئرویز کی دو پروازیں، کیو آر 633 اور کیو آر 615 منسوخ کر دی گئیں۔ فلائٹ انکوائری حکام نے تصدیق کی کہ یہ اقدام فضائی حدود کی بندش اور سکیورٹی خدشات کے باعث اٹھایا گیا۔خیال رہے کہ گزشتہ رات اسلام آباد سے روانہ ہونے والی ابوظہبی، ریاض اور دمام جانے والی کئی پروازیں راستے سے واپس موڑ لی گئیں یا دوسرے ہوائی اڈوں پر اتار لی گئی تھیں۔  ابوظہبی جانے والی ای وائی 301 اسلام آباد کے بجائے کراچی اتاری گئی، جبکہ لاہور سے روانہ ہونے والی ای وائی 288 کو بھی کراچی لینڈ کروایا گیا۔ لاہور سے مسقط جانے والی پی ایف 732 اور کراچی سے مدینہ جانے والی پی کے 743 کو بھی کراچی ایئرپورٹ پر موڑا گیا۔اسی طرح اسلام آباد سے ریاض جانے والی پی اے 274، اور دمام جانے والی پی ایف 746 اور قومی ایئر لائن کی پی کے 245 کو روانگی کے بعد واپس اسلام آباد موڑ دیا گیا۔حکام کے مطابق غیر یقینی فضائی صورتحال کے باعث اب تک 20 سے زائد بین الاقوامی پروازوں کو متبادل ہوائی اڈوں پر اتارنا پڑا ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ صورتحال کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے اور جیسے ہی خطے میں حالات معمول پر آئیں گے، دیگر پروازیں بھی مرحلہ وار بحال کر دی جائیں گی۔سول ایوی ایشن کی جانب سے مسافروں کو کہا گیا ہے کہ وہ اپنی پروازوں کے بارے میں متعلقہ ایئر لائنز یا ایئرپورٹ فلائٹ انکوائری دفاتر سے تصدیق کر لیں تاکہ کسی قسم کی پریشانی سے بچا جا سکے۔

 
 

Watch Live TV Channels
Samaa News TV 92 NEWS HD LIVE Express News Live PTV Sports Live Pakistan TV Channels
 

مزید پاکستان کی خبریں

دفتر خارجہ کا قطر میں امریکی ائیربیس پر حملے پر شدید تحفظات کا اظہار

وزیراعظم شہباز شریف سے قطر کے سفیر کی ملاقات

خلیجی ممالک کے لیے پی آئی اے کا آپریشن بحال، قطر ایئرویز کی پروازیں منسوخ

9 مئی کیسز: بانی پی ٹی آئی کی ضمانت کا فیصلہ آج ہوگا

وزیراعظم شہباز شریف کا قطری سفیر سے رابطہ

ملک بھر میں 8 کروڑ انورٹر پنکھوں کی تقسیم، کتنی بجلی بچائے جا سکے گی؟

خلیج فارس کی صورتحال کے باعث پی آئی اے کا فضائی آپریشن محدود

’ایک نوبیل انعام پاکستانی عوام کے لیے‘

سپارکو نے محرم الحرام 1447 ہجری کے چاند کی پیشگوئی جاری کردی۔

پی آئی اے نے خلیجی ممالک کیلئے پروازیں معطل کردیں

قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی کے نثار جٹ اور پی پی پی کے آغا رفیع اللہ میں گرما گرمی

جمشید دستی نے اسمبلی میں عجیب حرکت کر ڈالی، مگر کیوں؟

جمشید دستی نے اسمبلی میں عجیب حرکت کر ڈالی،مگر کیوں

اسمبلی تحلیل کرنے کا اختیار میرے پاس ہے اور میں یہ کر بھی سکتا ہوں، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا

گلگت بلتستان کا نئے مالی سال کا بجٹ پیش، سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فیصد اضافہ

عالمی خبریں تازہ ترین خبریں
پاکستان کی خبریں کھیلوں کی خبریں
آرٹ اور انٹرٹینمنٹ سائنس اور ٹیکنالوجی