
بلوچستان میں لیویز لائن پر دہشت گردوں کے حملے میں نوجوان جاں بحق جبکہ 7 افراد زخمی ہوگئے۔ فورسز کی جوابی کارروائی میں 2 حملہ آور مارے گئے جبکہ 3 زخمی ہوگئے۔
سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق مستونگ بازار میں 20 سے زائد دہشت گردوں نے لیویز لائن پر حملہ کیا اور احاطے میں کھڑی کئی گاڑیاں جلا دیں، واقعے کی اطلاع پر پولیس، ایف سی ودیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے موقع پر پہنچ گئے اور دہشت گرد فائرنگ کے تبادلے کے بعد فرار ہوگئے۔
بعدازاں آماچ پہاڑی سلسلے میں فورسز سے فائرنگ کے تبادلے میں 2 حملہ آور مارے گئے جبکہ 3 کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔
پولیس کے مطابق حملہ آوروں نے ایک بینک کو بھی لوٹا اور وہاں بھی عملے کو یر غمال بنا کر ریکارڈ نذرآتش کردیا۔
دوسری جانب ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند کا کہنا ہے کہ مستونگ میں فتنہ الہندوستان نے بینک، تحصیل آفس اور دفاتر پر حملہ کیا۔ دہشت گردوں کے خلاف بھرپور کارروائی کی جاری ہے، انہوں نے کہا کہ حملے کے مقام پر فورسز نے منظم انداز میں کلیئرنس آپریشن شروع کردیا ہے۔
ترجمان صوبائی حکومت کا کہنا ہے کہ شہریوں کے تحفظ اور دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کی تلاش و گرفتاری کے لیے انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائی جاری ہے۔