
وفاقی وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے اپوزیشن کے 26 اراکین اسمبلی کو ڈی سیٹ کرنے کے حوالے سے اسپیکر پنجاب اسمبلی کے ریفرنس کی حمایت کردی، انھوں نےکہا کہ اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان ایوان کے سربراہ ہیں ان کے پاس وہی اختیارات ہیں جو گھر کے بڑے کے پاس ہیں، اسپیکر کے اختیارات لا محدود ہیں تاہم اسپیکر اس کارروائی کا آغاز کرنے سے پہلے اپنا سربراہی کردار کو بھی ملحوظ خاطر رکھیں گے۔
یاد رہے کہ اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے ایوان میں ہنگامہ آرائی پر اپوزیشن کے 26 اراکین صوبائی اسمبلی کو پہلے معطل کیا اور پھر ان کو ڈی سیٹ کرنے کیلئے الیکشن کمیشن میں ریفرنس دائر کیا۔
لاہور میں ایک تقریب کے بعد صحافیوں کے سوال پر سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ اراکین اسمبلی نے حلف لیا ہے کہ وہ آئین کے مطابق اپنے فرائض ادا کریں گے۔ اگر کوئی حلف کی پامالی کرتے ہیں تو اسپیکر کے پاس اختیارات ہیں کہ وہ ممبر کو معطل کرسکتے ہیں۔
اعظم نذیر تارڑ نے تسلیم کیا کہ احتجاج اپوزیشن کا حق ہے وہیں واضح کیا کہ کرسیاں مارنا اور مائیک اکھاڑنا یہ احتجاج نہیں ہے اس کے لئے قانون کو اپنا راستہ لینا چاہیئے۔