
"اللہ آپ کو صحت عطا فرمائے"، "آپ پاکستانی فن کے نگینے ہیں، اللہ آپ کو تندرستی دے"
انٹرنیٹ پر ان دعاؤں کے ساتھ پاکستان کے سینئر اداکار عاصم بخاری کی صحت یابی کے لیے مداحوں کی جانب سے نیک تمناؤں کا سلسلہ جاری ہے۔
پاکستانی شوبز انڈسٹری کے سینئر ترین اور قابلِ احترام اداکار عاصم بخاری دل کا دورہ پڑنے کے بعد پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی لاہور میں زیرِ علاج رہے، جس کے بعد اب ان کی طبیعت سے متعلق خوش آئند خبر سامنے آ گئی ہے۔
عاصم بخاری، جو دہائیوں سے پاکستانی ڈرامہ، فلم اور تھیٹر کے ذریعے فن و ثقافت کی خدمت کرتے آئے ہیں، کچھ عرصے سے اسکرین سے دور اور اپنی زندگی کا زیادہ تر وقت اہل خانہ کے ساتھ گزار رہے ہیں۔ لیکن حالیہ دنوں ان کی صحت بگڑنے کی خبر نے مداحوں کو پریشان کر دیا تھا۔
مداحوں کی تشویش کے پیش نظر، عاصم بخاری نے خود ایک ویڈیو پیغام جاری کیا جس میں انہوں نے بتایا کہ وہ دل کی تکلیف کے باعث اسپتال میں زیر علاج رہے تاہم "الحمدللہ اب طبیعت بہتر ہے، ڈاکٹرز بہترین طریقے سے علاج کر رہے ہیں اور میں روبہ صحت ہوں"۔
ان کے اس ویڈیو پیغام کے بعد سوشل میڈیا پر ان کے چاہنے والوں نے دعاؤں اور نیک تمناؤں کا سیلاب بہا دیا۔ کسی نے کہا، "آپ جیسے فنکار بہت کم ہوتے ہیں، اللہ آپ کو سلامت رکھے"۔ کسی نے لکھا، "ہمیں آپ کی صحت کی بہت فکر تھی، اللہ آپ کو جلد مکمل صحت یاب کرے"۔
پاکستانی فن کی تاریخ میں کئی لازوال کردار ادا کرنے والے عاصم بخاری کی صحت سے متعلق اچھی خبر نہ صرف ان کے مداحوں بلکہ فن کی دنیا کے لیے بھی راحت کا باعث بنی ہے۔ مداح اب ان کی مکمل صحت یابی کے منتظر ہیں اور دعائیں کر رہے ہیں کہ وہ جلد دوبارہ اسی جذبے اور توانائی کے ساتھ اپنے فن کو زندہ رکھیں۔