
محکمہ اعلیٰ تعلیم خیبرپختونخوا نے صوبے کی تمام سرکاری جامعات سے بھرتیوں اور ترقیوں کے حوالے سے درکار افرادی قوت کی تفصیلات طلب کر لی ہیں تاکہ اس سلسلے میں صوبائی حکومت سے این او سی (اجازت نامہ) کے لیے باضابطہ کارروائی کی جا سکے۔
محکمہ اعلیٰ تعلیم کی جانب سے وائس چانسلرز، ریکٹرز اور ڈائریکٹرز کو جاری کیے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ اگرچہ محکمہ نے بھرتیوں اور ترقیوں کے لیے این او سی کی شرط ختم کرنے کی سفارش کی تھی تاہم حکومت کی جانب سے تاحال اس پر کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔ لہٰذا تمام جامعات کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ فوری طور پر اپنی درکار افرادی قوت اور موجودہ صورتحال کی تفصیلی رپورٹ محکمہ کو ارسال کریں۔
محکمہ اعلی تعلیم نے جامعات کو ارسال پرفارمہ میں ڈیٹا جمع کرانے کی ہدایت کی ہے جس میں یونیورسٹی کا نام، فیکلٹی اور انتظامی اسٹاف کی موجودہ تعداد، بھرتی کے لیے درکار عہدوں کی تعداد، جامعہ میں طلبہ کی تعداد اور شعبہ میں کل طلبہ کی تعداد، مالی وسائل اور ضروریات کی رپورٹ فراہم کرنا لازمی ہے۔
محکمے نے واضح کیا ہے کہ نامکمل یا غیر مربوط معلومات پر کوئی کارروائی نہیں کی جائے گی۔
محکمہ اعلی تعلیم کے مطابق تمام موصول شدہ ڈیٹا کو مرتب کر کے صوبائی کابینہ کے سامنے پیش کیا جائے گا جس کے بعد جامعات میں بھرتیوں اور ترقیوں کے لیے این او سی کی شرط کے حوالے سے حتمی پالیسی وضع کی جائے گی۔