
سیاحتی مقام ناران میں مسلسل بارشوں کے باعث ایک بار پھر سیلابی ریلے اور لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے بابوسر ٹاپ جانے والا مرکزی راستہ جھلکنڈ کے مقام پر بند ہوگیا۔ محکمہ سیاحت نے سیاحوں کے لیے الرٹ جاری کرتے ہوئے متبادل راستے اختیار کرنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی ہے۔
ترجمان محکمہ سیاحت کے مطابق راستہ کلیئر کرنے کا عمل جاری ہے تاہم مسلسل بارش اور دشوار گزار علاقے کے باعث کام میں مشکلات درپیش ہیں۔ سیاحوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ محکمہ سیاحت کی جاری کردہ ہدایات پر سختی سے عمل کریں اور محفوظ مقامات پر قیام کو ترجیح دیں۔
واضح رہے کہ ناران اور گرد و نواح میں جاری موسلادھار بارشوں کے باعث پہلے بھی سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے نقصانات ہوئے تھے۔
محکمہ سیاحت نے واضح کیا ہے کہ بابوسر ٹاپ کی جانب جانے والے تمام مسافر سفر سے قبل موسمی حالات اور راستوں کی صورتحال سے باخبر رہیں اور ہیلپ لائن سے معلومات حاصل کریں تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے بچا جا سکے۔