
کراچی کے ساحلی مقام دو دریا پر پیش آنے والا افسوسناک واقعہ نئی تفصیلات کے ساتھ سامنے آیا ہے، جہاں ایک شخص نے دو بچوں کو سمندر میں پھینک کر خود بھی چھلانگ لگا دی۔ اس دلخراش واقعے نے شہر بھر کو غمگین کر دیا ہے، جب کہ امدادی ادارے اب بھی باقی افراد کی تلاش میں مصروف ہیں۔
گزشتہ روز سمندر میں ڈوبنے والے بچوں میں سے ایک کی لاش آج مل گئی ہے۔ سات سالہ بچے کے جسم پر پینٹ اور شرٹ تھی، جسے امدادی ٹیموں نے دو دریا کے قریب پانی سے نکالا۔ بچے کی شناخت جاری ہے، جب کہ دوسرے بچے اور آدمی کی تلاش ابھی تک جاری ہے۔
ایدھی فاؤنڈیشن کی بحری سروس اور دیگر ریسکیو اداروں نے آج دوبارہ سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ ڈی ایچ اے اور کنٹونمنٹ بورڈ کلفٹن کے اہلکار بھی موقع پر موجود ہیں اور امدادی سرگرمیوں میں شامل ہیں۔ گزشتہ روز سورج غروب ہونے کے بعد اندھیرے کے باعث سرچ آپریشن روک دیا گیا تھا، جو آج علی الصبح دوبارہ شروع کیا گیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز عینی شاہدین نے واقعے کے متعلق بتایا تھا کہ ایک بچے کے پانی کے گرنے کے بعد دوسرے بچے نے بھاگنے کی کوشش کی لیکن آدمی نے اسے پکڑ لیا۔ مذکورہ شخص بظاہر نشے کا عادی لگتا تھا البتہ بچوں سے اس کا تعلق واضح نہ ہوسکا۔