
امریکا نے کالعدم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) اور اس کے ذیلی گروپ مجید بریگیڈ کو بین الاقوامی دہشت گرد تنظیموں کی فہرست میں شامل کر لیا ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق بی ایل اے پہلے ہی 2019 سے عالمی دہشت گرد تنظیم قرار دی جا چکی تھی جبکہ مجید بریگیڈ کو بھی اب اس فہرست میں شامل کر دیا گیا ہے۔
امریکی سیکرٹری خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ بی ایل اے نے 2024 میں کراچی ایئرپورٹ اور گوادر پورٹ پر خودکش حملوں کی ذمہ داری قبول کی تھی جبکہ 2025 میں جعفر ایکسپریس ٹرین ہائی جیکنگ اور 31 افراد کے قتل کا اعتراف بھی کیا تھا جس واقعے میں 300 سے زائد مسافروں کو یرغمال بنایا گیا تھا۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ ٹرمپ انتظامیہ کا دہشت گردی کے خاتمے کے لیے عزم برقرار ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ نے زور دیا کہ دہشت گرد گروہوں کی مالی اور لاجسٹک معاونت روکنے کے لیے سخت اقدامات جاری رہیں گے۔