
باجوڑ میں ضلعی انتظامیہ نے کرفیو میں نرمی کرتے ہوئے خار منڈا روڈ، خار ناواگی روڈ، خار صادق آباد اور عنایت کلی روڈ سمیت متصل علاقوں کے تمام بازار کھولنے کی اجازت دے دی۔
مقامی ذرائع کے مطابق رات کے اوقات میں شہری اپنے علاقوں کی حفاظت کے لیے پہرہ دے رہے ہیں اور مسلح گشت کر رہے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد دہشت گردوں کی نقل و حرکت کو روکنا اور اپنے علاقوں کو محفوظ بنانا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حالیہ دنوں میں باجوڑ کے حالات میں نمایاں بہتری آئی ہے عمائدین اور نوجوان جرگوں میں اس بات پر متفق ہو چکے ہیں کہ اپنے علاقوں میں کسی بھی صورت دہشت گردوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
مختلف علاقوں میں شہریوں نے اپنے جان و مال کے تحفظ کے لیے مسلح نوجوانوں پر مشتمل کمیٹیاں تشکیل دے دی ہیں جو دن رات نگرانی اور گشت کے فرائض انجام دے رہی ہیں۔