
اسلام آباد میں وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری سے اقوامِ متحدہ کے ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر محمد یحییٰ نے ملاقات کی، جس میں حالیہ سیلابی صورتحال، ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات اور توانائی کے شعبے میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
محمد یحییٰ نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ہونے والے جانی و مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا عالمی کاربن اخراج میں حصہ نہ ہونے کے برابر ہے لیکن اسے ماحولیاتی تبدیلی کے شدید اور تباہ کن اثرات کا سامنا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اقوامِ متحدہ پاکستان میں ریسکیو اور ریلیف کے کاموں کے ساتھ ساتھ توانائی کے شعبے میں بھی تکنیکی و مالی معاونت فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا کے کئی ممالک کلائمیٹ فنانسنگ سے فائدہ اٹھا رہے ہیں اور پاکستان بھی اس سہولت سے بھرپور استفادہ حاصل کرسکتا ہے۔ اس ضمن میں پاکستان کو گرین ٹیکنالوجیز اپنانے اور پائیدار ترقی کی جانب بڑھنے کے لیے عالمی تعاون میسر ہوگا۔
وفاقی وزیر توانائی سردار اویس لغاری نے اس موقع پر کہا کہ اقوامِ متحدہ سیلاب متاثرین کی مدد اور ریلیف کے اقدامات میں قابلِ ستائش کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان توانائی کے شعبے میں منتقلی کے لیے پرعزم ہے اور ملک بغیر امداد کے بھی قابلِ تجدید توانائی کی طرف پیش رفت کر رہا ہے۔
اویس لغاری نے مزید کہا کہ پاور پرچیزنگ مینجمنٹ کمپنی (PPMC) کا گرین فنانسنگ ڈویژن اور بین الوزارتی کمیٹی اس مقصد کے لیے فعال کردار ادا کر رہی ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان میں انفراسٹرکچر کی بحالی پرانی طرز پر نہیں بلکہ مستقبل کے چیلنجز اور ماحولیاتی تبدیلی کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے کی جائے گی۔