
صوبائی سطح پر پاکستان تحریک انصاف میں ایک بار پھر اختلافات سامنے آگئے ہیں۔ کالا باغ ڈیم کے معاملے پر سندھ اور خیبرپختونخوا کی قیادت نے ایک دوسرے سے مختلف موقف اختیار کرلیا ۔
پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ کالا باغ ڈیم ایک مردہ گھوڑا ہے ہم نے کبھی بھی اس کی حمایت نہیں کی۔
حلیم عادل شیخ نے کہا کہ ماضی میں بانی پی ٹی آئی بطور وزیراعظم اور پارٹی چیئرمین کالا باغ ڈیم کی کئی بار مخالفت کی ہےاس لیے اس منصوبے کے حق میں کوئی بھی رائے پارٹی کے مؤقف کی نمائندگی نہیں کرتی۔ ان کا کہنا تھا کہ علی امین گنڈاپور کا بیان ان کی ذاتی رائے ہوسکتی ہے پارٹی کی پالیسی نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کبھی بھی ایسے منصوبے کی حمایت نہیں کرے گی جس سے صوبوں اور فیڈریشن کو کمزور کیا جائے۔ ڈیم ضرور بننے چاہئیں لیکن کالا باغ ڈیم کو ہم مسترد کرتے ہیں یہی پارٹی کا موقف ہے۔