
محکمہ موسمیات نے کراچی سمیت سندھ بھر میں 7 سے 11 ستمبر کے دوران معتدل سے تیز بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ خلیج بنگال میں موجود ہوا کا دباؤ سندھ پر اثرانداز ہوگا جس کی وجہ سے کراچی سمیت مختلف شہروں میں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اگر کراچی میں زیادہ بارش ہوئی تو اربن فلڈنگ کا خدشہ بھی ہو سکتا ہے اس حوالے سے عوام کو احتیاط برتنے اور متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
دوسری جانب پنجاب کے مختلف اضلاع میں بھی 5 ستمبر تک بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال میں شدت آسکتی ہے۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے بھی اسلام آباد اور پنجاب کے مختلف شہروں میں بارشوں کا الرٹ جاری کردیا جس کے مطابق سیالکوٹ، نارووال، لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، سرگودھا، اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، جہلم، ملتان، بہاولپور، ڈی جی خان، راجن پور اور دیگر اضلاع میں آئندہ 12 سے 24 گھنٹے کے دوران بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے بھی آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور اس کے گردونواح میں شدید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا یہ نیا سلسلہ شدت اختیار کرسکتا ہے جس کے نتیجے میں شہری و دیہی علاقوں میں ندی نالوں میں طغیانی اور اربن فلڈنگ کا خطرہ موجود ہے۔
ترجمان این ڈی ایم اے نےشہریوں کو دریاؤں، ندیوں اور نالوں سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے جبکہ متعلقہ اداروں کو حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔