
راولپنڈی کے علاقے گرجا روڈ ملک کالونی میں ایک لرزہ خیز واقعہ پیش آیا ہے، جہاں سفاک ماموں نے اپنی سات سالہ سگی بھانجی کی میت قبر سے نکال کر جادو ٹونے کا حرام عمل انجام دیا۔
پولیس کے مطابق ملزم رسول خان نے اپنی بھانجی علینہ کی قبر سے میت نکالی اور اس پر تعویذ، دھاگہ اور جادو ٹونے کی حرام اور غیر قانونی عملیات کیں۔ ذرائع کے مطابق یہ دل دہلا دینے والا انکشاف اس وقت ہوا جب محلے داروں نے قبر کے قریب مشکوک حرکات دیکھیں۔ اطلاع ملنے پر اہل علاقہ جمع ہوئے تو پتہ چلا کہ ملزم اپنی بھانجی کی میت نکال کر جادو میں مصروف ہے۔
واقعے کے بعد ملزم نے بچی علینہ کی لاش کو رکوع کی حالت میں دوبارہ دفنا دیا۔ اہل علاقہ نے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی جس پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے رسول خان کو گرفتار کرلیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف قبر کشائی، جادو ٹونا اور دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ دوسری جانب واقعے پر شہریوں میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے اور عوام نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ملزم کو عبرتناک سزا دی جائے تاکہ آئندہ کوئی اس قسم کی درندگی کا ارتکاب نہ کرسکے۔