
وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال نے اپنی صاحبزادی کو سروائیکل کینسر سے بچاؤ کی ویکسین لگوا کر اس حوالے سے پھیلنے والے گمراہ کن پروپیگنڈے کو مسترد کر دیا۔
سروائیکل کینسر سے آگاہی کے لیے منعقدہ تقریب میں وزیر صحت نے اپنی بیٹی رجا کمال کو ویکسین لگوائی اور خود اس کی انگلی پر مارک بھی کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان دنیا کا 151 واں ملک ہے جہاں سروائیکل کینسر ویکسین متعارف کرائی گئی ہے۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ مہم کے آغاز سے ہی بعض حلقوں کی جانب سے غلط فہمیاں اور افواہیں پھیلائی جا رہی ہیں اسی لیے میں نے سب کے سامنے اپنی بیٹی کو یہ ویکسین لگوائی تاکہ عوام کو اعتماد ملے کہ یہ ویکسین محفوظ ہے۔
وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ اپنے 30 سالہ سیاسی کیریئر میں کبھی اپنی فیملی کو منظر عام پر نہیں لائے لیکن اس موقع پر وہ یہ قدم اس لیے اٹھا رہے ہیں تاکہ قوم کی ہر بیٹی کی جان محفوظ بنائی جا سکے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کے موجودہ نظام صحت میں ہر مریض کا علاج ممکن نہیں لوگ اسپتالوں میں داخل ہو کر طویل عرصے تک وہیں رہتے ہیں اس لیے سب سے مؤثر راستہ بیماریوں سے بچاؤ کے لیے ویکسینیشن ہے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ مستقبل میں مزید ویکسینز متعارف کرائی جائیں گی تاکہ قوم کو مہلک بیماریوں سے بچایا جا سکے۔ مصطفیٰ کمال نے کہا کہ کینسر ایسا موذی مرض ہے جو صرف ایک فرد ہی نہیں بلکہ پورے خاندان کو متاثر کرتا ہے، اس لیے اس کا بروقت بچاؤ ناگزیر ہے۔