
محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کی کارکردگی کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر عرفان میمن کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں شہریوں کو سہولیات کی فراہمی اور غیر نمونہ نمبر پلیٹس کے خلاف مؤثر اقدامات پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں ٹوکن ٹیکس کی ادائیگی میں عوام کو درپیش مسائل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا جس پر ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ شہریوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے تاکہ انہیں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
اجلاس میں غیر نمونہ نمبر پلیٹس اور گاڑیوں پر کالے شیشے لگانے کے خلاف جاری کارروائیوں پر بھی بریفنگ دی گئی۔ فیصلہ کیا گیا کہ غیر نمونہ نمبر پلیٹس کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر کریک ڈاؤن جاری رکھا جائے گا جبکہ ناکہ جات کی تعداد بڑھا کر کارروائیوں کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔
ایکسائز دفاتر کے باہر سرگرم ایجنٹ مافیا کے خلاف کارروائیوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر عرفان میمن نے کہا کہ شہریوں کے تعاون کے بغیر ایجنٹ مافیا کے خاتمے کی کوششیں کامیاب نہیں ہو سکتیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ایسے عناصر کی نشاندہی کریں تاکہ ان کے خلاف سخت ایکشن لیا جا سکے۔
ڈی سی عرفان میمن نے مزید کہا کہ شہری غیر نمونہ نمبر پلیٹس کے استعمال سے گریز کریں اور محکمہ ایکسائز کے ساتھ تعاون کریں تاکہ قانون کی بالادستی کو یقینی بنایا جا سکے۔