
پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل بیرسٹر سلمان اکرم راجہ کی کراچی میں پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ کے بھائی کے انتقال پر تعزیت کی، جبکہ انہوں نے پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں سے بھی اہم ملاقاتیں کیں۔
بیرسٹر سلمان اکرم راجہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی رہائی کے لیے پارٹی متحد اور متحرک ہے، قومی اسمبلی میں محمود اچکزئی، سینیٹ میں راجہ ناصر عباس اپوزیشن لیڈر بنائے گئے ہیں، خیبر پختونخوا میں تبدیلی لائے ہیں اور سہیل آفریدی کو وزیر اعلیٰ بنا دیا گیا ہے، ان تمام فیصلوں سے ایک نئی لہر آئے گی۔
ہم آئین و قانون کے ساتھ کھڑے ہیں، انشاء اللہ جیت حق اور سچ کی ہوگی، عمران خان کے خلاف بنائے گئے تمام کیسز عدالتوں میں جھوٹے ثابت ہورہے ہیں، ہم آئین و قانون کی بالادستی کے لیے ڈٹ کر کھڑے ہیں، عمران خان کے کیسز کو اٹکایا جارہا ہے اور تاخیری حربے استعمال کیے جارہے ہیں۔
انشاء اللہ عمران خان پر درج جھوٹے کیسز ختم ہوں گے، خان صاحب کا قوم کے لیے ڈٹے رہنے کا پیغام ہے، خان صاحب نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کی ذات پاک پر یقین رکھیں جیت سچ کی ہوگی، ہم عمران خان کے بیانیہ کو لیکر نکلیں گے، خان صاحب نے پورے ملک میں جلسے کرنے کا کہا ہے، عوام اپنے محبوب لیڈر عمران خان کو لانا چاہتی ہے۔
نومبر میں کراچی میں ایک بڑا جلسہ کریں گے، کراچی کے بعد حیدرآباد اور پورے ملک میں جلسے کریں گے، 17 سال میں سندھ کو پیپلز پارٹی نے کھنڈر بنا دیا ہے، کراچی سے لیکر سندھ کے کئی شہر تباہ حالی کا شکار ہیں، سندھ بھر میں لاقانونیت کا راج ہے، امن وامان کی صورتحال خراب ہے۔
بیرسٹر سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ میں سندھ کے کئی شہروں میں گیا ہوں ہر جگہ ویرانا چھایا ہوا ہے، پیپلز پارٹی کی کرپشن نے سندھ کی عوام کے وسائل کو لوٹا ہے، سندھ میں جہاں بھی گئے ہیں ہر جگہ عوام نے عمران خان کی حمایت کی ہے، سندھ کی عوام بھی تبدیلی چاہتی ہے، عمران خان جیسا لیڈر چاہتی ہے۔