
اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو مختلف مقدمات میں 25 نومبر تک گرفتاری سے استثنیٰ فراہم کر دیا ہے۔ عدالت نے ہدایت کی ہے کہ آئندہ سماعت پر عمران خان کو عدالت میں یا ویڈیو لنک کے ذریعے پیش کیا جائے۔
ایڈیشنل سیشن جج محمد افضل مجوکا نے 9 مئی کے واقعات، مبینہ جعلی رسیدوں، اقدام قتل اور دیگر الزامات سے متعلق پانچ مقدمات کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران شمسہ کیانی ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئیں۔
عدالتی کارروائی کے دوران یہ بھی بتایا گیا کہ اڈیالہ جیل حکام نے جاری کیے گئے شوکاز نوٹس کا جواب جمع نہیں کرایا۔ عدالت نے دونوں کی ضمانت قبل از گرفتاری میں 25 نومبر تک توسیع کرتے ہوئے تمام متعلقہ کیسز کی سماعت بھی اسی تاریخ تک ملتوی کر دی۔
ذرائع کے مطابق عمران خان کے خلاف زیر سماعت مقدمات میں 9 مئی کے واقعات سمیت پانچ مختلف مقدمات شامل ہیں، جبکہ بشریٰ بی بی کے خلاف مبینہ جعلی رسیدیں جمع کرانے کا کیس بھی عدالت میں زیر غور ہے۔