
کراچی اور لاہور میں فضائی آلودگی مسلسل بڑھنے لگی ہے جس کے باعث شہری مختلف بیماریوں کا شکار ہو رہے ہیں۔ ماہرین کے مطابق آلودہ ہوا سانس، آنکھوں اور گلے کے امراض میں اضافے کا سبب بن رہی ہے۔
ایئر کوالٹی انڈیکس کے مطابق دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں لاہور پہلے نمبر پر پہنچ گیا جبکہ کراچی تیسرے نمبر پر آگیا۔ دہلی فہرست میں دوسرے نمبر پر موجود ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق لاہور کی فضا میں آلودہ ذرات کی مقدار 278 مائیکروگرام فی کیوبک میٹر ریکارڈ کی گئی جو شدید آلودگی ظاہر کرتی ہے۔ کراچی میں یہ سطح 170 ریکارڈ کی گئی جو شہریوں کے لیے واضح خطرے کی علامت قرار دی جا رہی ہے۔
کراچی میں گزشتہ روز سے گرد آلود ہواؤں کا سلسلہ جاری ہے جس نے فضا میں آلودگی کی سطح مزید بڑھا دی ہے۔
ایئر کوالٹی انڈیکس کے معیار کے مطابق 150 سے 200 تک آلودگی صحت کے لیے نقصان دہ تصور کی جاتی ہے جبکہ 200 سے 300 تک شدید آلودگی شمار ہوتی ہے اور 300 سے زائد سطح خطرناک ترین آلودگی کو ظاہر کرتی ہے۔
ماہرین نے شہریوں کو ماسک کے استعمال، غیر ضروری باہر نکلنے سے پرہیز اور پانی کا زیادہ استعمال کرنے کی ہدایت کی ہے۔