
کوئٹہ میں سیریس کرائمز انویسٹی گیشن ونگ نے کارروائی کرتے ہوئے خاتون ٹیچر مریم شاہوانی کے قتل میں ملوث مرکزی ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق ملزم اویس ولد موسٰی محمد حسنی 17 سالہ اسکول ٹیچر مریم شاہوانی کے قتل کیس میں مطلوب تھا۔
مریم شاہوانی کو 16 اکتوبر کو منوجان روڈ پر موٹرسائیکل سوار دو ملزمان نے گھر کے قریب فائرنگ کرکے قتل کیا تھا۔ تھانہ صدر میں مقدمہ درج ہونے کے بعد کیس مزید تفتیش کے لیے سیریس کرائمز انویسٹی گیشن ونگ کو منتقل کیا گیا تھا۔
ایس سی آئی ڈبلیو کے سربراہ ایس ایس پی عمران قریشی کی ہدایت پر واقعہ کی تفتیش کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی جس نے جدید تفتیشی طریقہ کار، ٹیکنالوجی اور سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے ملزمان کی شناخت کرلی۔
پولیس کے مطابق تفتیش کے دوران پہلے مرحلے میں مرکزی ملزم محمد جہانزیب ولد محمد حنیف کو گرفتار کیا گیا تھا جبکہ مرکزی مفرور ملزم اویس کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے تھے۔
گزشتہ رات کلی برات میں ملزم اویس کی موجودگی کی اطلاع پر پولیس نے چھاپہ مارا جس کے دوران ملزم اور اس کے ایک ساتھی نے فائرنگ شروع کردی۔ فائرنگ کے تبادلے میں اویس اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ سے زخمی ہوا جبکہ اس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
پولیس نے ملزم اویس کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے سول اسپتال منتقل کردیا۔