
راولپنڈی میں پولیس نے نجی ٹی وی کے سینئر صحافی طاہر نصیر کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنانے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 3 اجرتی قاتلوں کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق صادق آباد تھانے کی ٹیم نے تین اجرتی قاتلوں کو سینئر صحافی کے گھر کے قریب سے گاڑی اور اسلحہ سمیت گرفتار کرلیا۔ گرفتار ملزمان میں احمد، آکاش اور وشال شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزمان نے طاہر نصیر کو قتل کرنے کے لیے دو لاکھ روپے کی سپاری لی تھی۔ تینوں ملزمان نے محسن شاہ، اختر سندھو، قاسم سندھو اور سکندر سندھو سے قتل کی سپاری حاصل کی تھی۔
پولیس کے مطابق ملزمان تین روز تک صحافی کے گھر کی ریکی کرتے رہے اور 99 ہزار روپے اپنے اکاؤنٹ میں منگوائے تھے۔ ملزم احمد اور آکاش کو قتل کی کارروائی انجام دینا تھی، جبکہ وشال نے دونوں کو اسلحہ فراہم کیا۔
پولیس نے تینوں ملزمان کو عدالت میں پیش کیا، تاہم علاقہ مجسٹریٹ نے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا۔
ذرائع کے مطابق پولیس واقعے سے متعلق مزید قانونی کارروائی اور پسِ پردہ محرکات کی تحقیقات کر رہی ہے۔