
کوئٹہ میں یوم عاشور کے حوالے سے سکیورٹی کے انتظامات کے تحت جلوس کے راستوں کو نویں محرم کو سیل کرنے کا سلسلہ شروع کردیا گیا۔
جلوس کی گزر گاہوں لیاقت بازار، پرنس روڈ، عبدالستار روڈ، میکانگی روڈ سمیت دیگر شاہراہوں پر موجود تمام دکانوں مارکیٹوں کو سیل کردیا گیا ہے، دکانوں اور مارکیٹوں کی چھتوں پر بھی اہلکار تعینات کیے جائیں گے جبکہ سکیورٹی کے لیے پولیس، لیویز، ایف سی سمیت فوج کے اہلکار بھی تعینات کیے جائیں گے۔
کوئٹہ میں دسویں محرم الحرام کا جلوس پنجابی امام بارگاہ علم دار روڈ سے شروع ہوکر باچا خان چوک پر اختتام پذیر ہوگا۔ جلوس کے راستوں کو قناطیں، کنٹینر اور ٹرک لگا کر بند کیا جائے گا، سکیورٹی کے لیے اونچی عمارتوں پر بھی اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔ جلوس کے حوالے سے سکیورٹی انتظامات کے تحت کوئٹہ میں دسویں محرم الحرام کو بھی موبائل سروس معطل رہے گی۔
علاوہ ازیں بلوچستان کے دیگر علاقوں نصیرآباد، حب و دیگر شہروں میں جلوسوں کی سکیورٹی کے لیے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
یومِ عاشور کے پیش نظر ڈپٹی کمشنر حب نثار احمد لانگو نے امام بارگاہوں اور جلوس کے روٹ کا دورہ کیا اور سکیورٹی و صفائی کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ ایف سی ونگ کمانڈر اور اسپیشل برانچ کے افسران بھی موجود تھے۔
ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ اداروں کو سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ یوم عاشور پر کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے چیف آفیسر حب کو امام بارگاہوں کے اطراف کو مکمل طور پر صاف رکھنے اور نکاسی آب کا نظام بہتر بنانے کی ہدایات بھی جاری کیں۔