
کراچی چڑیا گھر میں موجود مادہ ریچھ رانو کو عدالت کے حکم پر اسلام آباد منتقل کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ کے احکامات کی روشنی میں رانو ریچھ کو کراچی سے اسلام آباد روانہ کیا گیا جہاں سے اسے دوسرے مرحلے میں گلگت بلتستان کے جنگلات میں منتقل کیا جائے گا۔
روانگی سے قبل ریچھ رانو کو ایک خصوصی پنجرے میں رکھا گیا اور ماہرینِ حیوانات نے اس کے ردعمل، خوراک اور صحت کا تفصیلی معائنہ کیا۔
رانو ریچھ کو کراچی کی فیصل بیس سے سی ون تھرٹی طیارے کے ذریعے اسلام آباد بھیجا گیا جہاں اس کے لیے قدرتی ماحول میں رہائش کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔
محکمہ وائلڈ لائف کے مطابق منتقلی کا مقصد ریچھ کو اس کے قدرتی مسکن کے قریب تر ماحول فراہم کرنا اور بہتر فلاحی سہولیات مہیا کرنا ہے۔