
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے لاہور اور کراچی کے ہوائی اڈوں کی ماسٹر پلانز کے تحت توسیع کی منظوری دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو منصوبے مقررہ مدت میں مکمل کرنے اور تعمیراتی معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعظم نے کہا ہے کہ پاکستانی ایئرپورٹس پر مسافروں کی سہولت اولین ترجیح ہونی چاہیے، جبکہ ہوائی اڈوں پر سفری سہولیات کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بہتر بنایا جائے۔ انہوں نے توسیعی منصوبوں اور مسافروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کے معیار کی تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ملک کے بڑے شہروں میں ہوائی اڈوں کی توسیع اور مسافروں کو بہترین سفری سہولیات کی فراہمی سے متعلق اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں بڑے ایئرپورٹس پر سہولیات کے معیار کا جائزہ لینے کے لیے ایک بین الاقوامی فرم کے ذریعے مکمل کیے گئے سروے کے نتائج پر بریفنگ دی گئی۔
اجلاس کو کراچی اور لاہور ایئرپورٹس کے توسیعی منصوبوں، ماسٹر پلانز اور ملک بھر میں سول ایوی ایشن اتھارٹی کے تحت جاری ترقیاتی و اپ گریڈیشن منصوبوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ دونوں بڑے ایئرپورٹس کی توسیع بین الاقوامی معیار اور تقاضوں کے مطابق مقررہ مدت میں مکمل کی جائے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ایئرپورٹس پر مسافروں کی سہولت اور سروس ڈلیوری بہتر بنانے کے لیے بین الاقوامی شہرت یافتہ اداروں کی خدمات حاصل کی جائیں۔ مسافروں کی رہنمائی اور سہولت پر مامور افسران و عملے کو باقاعدہ تربیت فراہم کی جائے اور مختلف اداروں کے درمیان رابطوں کو مؤثر بنایا جائے۔ انہوں نے ہوائی اڈوں پر معیاری کھانے پینے کی سہولیات کی فراہمی کے لیے بہترین کیٹررز کی خدمات حاصل کرنے کی بھی ہدایت کی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی کے رن وے کی توسیع مکمل ہو چکی ہے، جبکہ بڑے ایئرپورٹس پر بارڈر مینجمنٹ کے خودکار نظام (ای گیٹس) کی تنصیب پر تیزی سے کام جاری ہے۔ کراچی کو ایئر کارگو حب بنانے کے لیے ایئر کارگو ولیج کے قیام پر بھی پیش رفت جاری ہے۔
حکام کے مطابق گزشتہ ایک سال کے دوران سول ایوی ایشن اتھارٹی نے مقامی پروازوں کی بحالی کے لیے 14 ایئرپورٹس فعال کیے، جبکہ وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے مسافروں کی سہولت کے لیے عملے اور کاؤنٹرز کی تعداد میں اضافہ کیا ہے۔
اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ اسلام آباد ایئرپورٹ پر مسافروں کی سہولت کے لیے میٹ اینڈ گریٹ سروس شروع کی گئی ہے، جبکہ ایف آئی اے نے بڑے ہوائی اڈوں پر مسافروں کی بروقت رہنمائی کے لیے پری ڈیپارچر ڈیسک بھی قائم کیے ہیں۔
حکام نے بتایا کہ حیدرآباد میں ہوا بازی کے موجودہ ادارے کو اپ گریڈ کرکے بین الاقوامی معیار کی ایوی ایشن یونیورسٹی میں تبدیل کیا جا رہا ہے، جس پر فروری 2028 تک کام شروع کرنے کا منصوبہ ہے۔
اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزراء خواجہ محمد آصف، ڈاکٹر مصدق ملک، احد خان چیمہ اور عطاء اللہ تارڑ، وزیراعظم کے مشیر محمد علی، ارکان قومی اسمبلی راجہ اسامہ سرور اور علی زاہد، وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر سردار یاسر الیاس اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔