
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے تھرپارکر میں ایمبولینس حادثے میں 9 افراد کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین کے لیے فی کس 20 لاکھ روپے مالی امداد (معاوضے) کا اعلان کیا ہے۔
@@3947197@@
وزیراعلیٰ سندھ نے جاں بحق افراد کے ورثا سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے ان کی آخری رسومات کے تمام تر انتظامات کو فوری اور یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے حادثے میں زخمی ہونے والے تمام افراد کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ چیف سیکریٹری سندھ کو محکمہ صحت کے ذریعے واقعے کی شفاف انکوائری کرا کر رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔
اس کے علاوہ، سید مراد علی شاہ نے رکن سندھ اسمبلی قاسم سومرو کو فوری طور پر نگرپارکر پہنچ کر تمام تر امدادی اور انتظامی اقدامات کی خود نگرانی کرنے کی ہدایت کی ہے۔