
کرکٹ ویب سائٹ ای ایس پی این کرک انفو کے مطابق پاکستان کا شہر فیصل آباد 17 برس بعد پہلی بار بین الاقوامی کرکٹ میچز کی میزبانی کرے گا۔کرک انفو نے بدھ کے روز رپورٹ کیا کہ بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم مئی میں پانچ ٹی20 میچز کے لیے پاکستان کا دورہ کرے گی۔ ان میچز میں شروع کے دو میچز فیصل آباد کے اقبال سٹیڈیم میں 25 سے 27 مئی تک کھیلے جائیں گے جبکہ آخری تین میچز لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں ہوں گے۔اقبال سٹیڈیم میں اب تک کُل 24 ٹیسٹ اور 16 ون ڈے میچز کھیلے جا چکے ہیں، لیکن یہ پہلا موقع ہوگا جب یہ سٹیڈیم کسی ٹی20 کی میزبانی کرے گا۔پانچ میچز پر مشتمل سیریز کے تمام میچز سخت گرمی کے موسم میں شیڈول ہوں گے جس کے باعث ان کے اوقات کار رات 8 بجے رکھے جائیں گے۔پاکستان کے بین الاقوامی کرکٹ سٹیڈیمز کی فہرست میں فیصل آباد پانچواں شہر ہے جہاں کرکٹ برسوں بعد دوبارہ بحال ہوگی۔ سنہ 2009 میں سری لنکا کی کرکٹ ٹیم پر لاہور میں دہشت گردانہ حملوں کے بعد تقریباً ایک دہائی تک فیصل آباد سٹیڈیم بھی کرکٹ سے محروم ہو چکا تھا۔بنگلہ دیش کا دورہ پاکستان ابتدائی طور پر ٹی20 اور ون ڈے سیریز کے طور پر طے کیا گیا تھا، جس میں ہر فارمیٹ میں تین میچز ہونے تھے۔ تاہم کرکٹ بورڈز نے 2026 میں ہونے والے ٹی20 ورلڈ کپ کی تیاری کے لیے اس دورے کو 5 ٹی20 میچز میں تبدیل کیا۔بنگلہ دیش کی ٹیم کو 21 مئی کو پاکستان پہنچنا ہے، جبکہ فائنل ٹی ٹوئنٹی 3 جون کو ہے۔ اس کے بعد جولائی میں دونوں ممالک بنگلہ دیش میں ممکنہ چار میچز کی ٹی20 سیریز کھیلیں گے جس کا اعلان ابھی ہونا باقی ہے۔پاکستان اور بنگلہ دیش کی سیریز 18 مئی کو پاکستان سپر لیگ کے اختتام کے ایک ہفتے بعد شروع ہوگی۔ پاکستان نے ہوم گراؤنڈ پر آخری بار تین ٹیسٹ میچز کی سیریز اکتوبر میں انگلینڈ کے خلاف کھیلی تھی۔واضح رہے ان دنوں بنگلہ دیش کی ٹیم زمبابوے کے خلاف اپنے ہوم گراؤنڈ میں دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیل رہی ہے۔