
صدر مملکت آصف علی زرداری نے اٹلی کے وزیر داخلہ کے ساتھ پاکستان کے خلاف بھارتی بلا اشتعال فوجی جارحیت پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انتہا پسند بھارتی حکومت نے پورے خطے کے امن و استحکام کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔ ترجمان پریزیڈنٹ ہاؤس کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری سے ایوانِ صدر میں اٹلی کے وزیر داخلہ میٹیو پینٹے ڈوسی نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستان اٹلی کے ساتھ مختلف شعبوں میں باہمی سود مند تعاون بہتر بنانے کے لیے پرعزم ہے۔صدر پاکستان نے اٹلی کے وزیر داخلہ کے ساتھ پاکستان کے خلاف بھارتی بلا اشتعال فوجی جارحیت پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انتہا پسند بھارتی حکومت نے پورے خطے کے امن و استحکام کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ بھارت کے جارحانہ اقدامات سے خطے کے لیے خطرناک نتائج نکلیں گے۔ اٹلی کے وزیر داخلہ نے گزشتہ شب پاکستان پر بھارتی حملے میں شہید ہونے والے شہریوں کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔ان کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال کے خاتمے کے لیے پاکستان کے تحفظات اپنی حکومت اور عالمی برادری تک پہنچائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور اٹلی انسانی اسمگلنگ اور دہشت گردی کے خلاف تعاون کر رہے ہیں، دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کی بڑی گنجائش ہے۔میٹیو پینٹے ڈوسی کا کہنا تھا کہ اٹلی میں ایک لاکھ 60 ہزار پاکستانی تارکین وطن اطالوی معاشرے اور ترقی میں مثبت کردار ادا کر رہے ہیں۔صدر مملکت نے نازک حالات میں پاکستان کا دورہ کرنے پر اطالوی وزیر کا شکریہ ادا کیا۔ بعد ازاں، اٹلی میں قانونی نقل مکانی، ہنرمند لیبر کی نقل و حرکت آسان بنانے کے لیے پاکستان اور اٹلی کے مابین مفاہمت کی 2 یادداشتوں پر دستخط بھی کیے گئے۔