
انڈین فوج کی دو سینیئر افسران نے میڈیا بریفنگ میں کہا ہے کہ ’آپریشن سندور کے تحت کالعدم لشکر طیبہ سمیت دیگر کالعدم عسکریت پسند تنظیموں کے اڈّوں اور تربیتی مراکز کو نشانہ بنایا گیا ہے۔‘این ڈی ٹی وی کے مطابق بدھ کو انڈیا کی فوجی عہدیدار کرنل صوفیہ قریشی اور فضائیہ کی ونگ کمانڈر ویومیکا سنگھ نے آپریشن کی تفصیلات بتائیں۔ انہوں نے اس آپریشن کے کچھ وژوئلز بھی دکھائے جن کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ ’یہ دہشت گردوں کے تباہ شدہ کیمپ ہیں۔‘بریفنگ میں بتایا گیا کہ انڈیا نے پاکستان اور اس کے زیر انتظام کشمیر میں نو مقامات پر فضائی حملے کیے۔ حملے انڈیا کے مقامی وقت کے مطابق 01:05 اور 01:30 کے درمیان 25 منٹ تک جاری رہے۔’ان کیمپوں کا انتخاب دستیاب انٹیلی جنس معلومات کا بغور جائزہ لینے کے بعد کیا گیا۔ اس بات کا خیال رکھا گیا کہ صرف دہشت گرد تنصیبات کو ہی نشانہ بنایا جائے۔‘کرنل صوفیہ قریشی کا کہنا تھا کہ ’یہ پہلگام حملے کا درست فوجی ردّعمل تھا۔‘’انڈیا نے پاکستان میں چھ جگہوں پر فضا سے میزائل داغے‘افواج پاکستان کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے بدھ کی علی الصبح نیوز بریفنگ میں تصدیق کی کہ ’انڈیا نے پاکستان میں چھ جگہوں پر فضا سے میزائل داغے ہیں جن میں مریدکے، احمدپور شرقیہ، کوٹلی، مظفرآباد، سیالکوٹ اور شکر گڑھ شامل ہیں۔‘ڈی جی آئی ایس پی آر نے بدھ کو صبح 10 بجے کے قریب اپنی دوسری بریفنگ میں بتایا کہ انڈیا کے حملے کے چند لمحوں بعد ہی افواج پاکستان نے بھرپور جواب دیتے ہوئے پانچ انڈین طیارے اور ایک کمبیٹ ڈرون مار گرایا ہے۔لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا ہے کہ انڈیا نے احمد پور شرقیہ میں مسجد سبحان اللہ کو نشانہ بنایا جس میں 13 افراد مارے گئے جبکہ 37 زخمی ہوئے ہیں۔ مرنے والوں میں تین سال کی دو بچیاں بھی شامل ہیں۔مظفرآباد کے قریب مسجد بلال کو نشانہ بنایا گیا ہے جس میں تین ہلاک ہوئے ہیں جبکہ ایک بچی اور ایک لڑکا زخمی ہیں۔انڈیا نے کوٹلی میں مسجد عباس کو نشانہ بنایا ہے جس میں ایک 16 سالہ بچی اور ایک 18 سالہ لڑکا ہلاک ہوا ہے جبکہ ایک ماں اور بچی زخمی ہیں۔مرید کے میں بھی ایک مسجد کو نشانہ بنایا گیا ہے جس میں تین مرد ہلاک اور ایک شخص زخمی ہوا ہے۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ سیالکوٹ کے شمال میں کوٹلی لوہاراں میں دو حملے کیے گئے جبکہ شکرگڑھ کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے، جانی نقصان نہیں ہوا تاہم ایک ڈسپینسری کو نقصان پہنچا ہے۔