
پاکستان کرکٹ بورڈ نے بنگلہ دیش کے ساتھ ٹی20 سیریز کے لیے سکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔بدھ کی صبح جاری کی گئی پریس ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ 16 کھلاڑیوں پر مشتمل سکواڈ کی کپتانی سلمان علی آغا کریں گے۔سیریز کے تینوں میچ قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے جن کے شیڈول کا اعلان بھی کر دیا گیا ہے۔پی سی بی کے مطابق بنگلہ دیش اور پاکستان کے درمیان پہلا میچ 28 مئی، دوسرا میچ 30 مئی جبکہ تیسرا میچ یکم جون کو لاہور میں کھیلا جائے گا۔بیان میں کہا گیا ہے کہ کھلاڑیوں کا انتخاب کارکردگی کی بنیاد پر ہوا ہے جبکہ پچھلے دنوں مقرر کیے جانے والے کوچ مائیک ہیسن کا بھی اس پوزیشن میں پہلا میچ ہو گا۔سکواڈ میں سلمان علی آغا (کپتان)، ابرار احمد، فہیم اشرف، فخر زمان، حارث رؤف، حسن علی، حسن نواز، حسین طلعت، محمد عرفان خان، خوشدل شاہ، محمد حارث (وکٹ کیپر)، محمد وسیم جونیئر، نسیم شاہ، صاحبزادہ فرحان (وکٹ کیپر) اور صائم ایوب شامل ہیں۔سکواڈ میں فاسٹ بولر شاہین آفریدی کا نام شامل نہیں جبکہ عبدالصمد، جہانداد خان اور عباس آفریدی بھی شامل نہیں ہیں۔اس سے قبل شاہین آفریدی دورہ نیوزی لینڈ میں ٹی ٹوئنٹی سکواڈ کا حصہ تھے۔جبکہ محمد علی، عمیر بن یوسف، سفیان مقیم اور عثمان خان کو بھی ٹیم سے ڈراپ کر دیا گیا ہے۔