
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے پی ایس ایل 10 کے شاندار اختتام پر تشکر کا اظہار کیا ہے۔ محسن نقوی نے کہا کہ پی ایس ایل 10 کے کامیاب اختتام پر سب سے پہلے اللہ تعالٰی کے حضور سربسجود ہیں، پی سی بی و پی ایس ایل کی پوری ٹیم کا دن رات محنت پر دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتا ہوں، شائقین کرکٹ کے نظم و ضبط اور جوش و خروش کا کوئی جوڑ نہ تھا۔انہوں نے کہا کہ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کے قریب بزدل دشمن کے حملے کے بعد پی ایس ایل 10 کا دوبارہ آغاز بہت بڑا چیلنج تھا، پوری ٹیم نے چیلنج کو قبول کیا اور اللہ تعالٰی نے ہمارا راستہ آسان کیا، پی ایس ایل 10 کی کامیابی محفوظ اور پر امن پاکستان کی فتح اور بزدل دشمن کی ایک اور محاذ پر شکست ہے۔محسن نقوی نے کہا کہ ایونٹ کا کامیاب انعقاد پاک آرمی، رینجرز، پولیس اور انتظامیہ کی انتھک محنت کا نتیجہ ہے، اسٹیڈیم آکر میچ دیکھنے اور تینوں فورسز کی بھرپور حوصلہ افزائی پر فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر، ایئر چیف ظہیر احمد بابر اور نیول چیف نوید اشرف کا خصوصی شکریہ ادا کرتا ہوں۔