
لیپ ٹاپ کا استعمال اب بہت زیادہ عام ہے کیونکہ اسے کسی بھی جگہ ساتھ لے جایا جاسکتا ہے اور کہیں بھی چارج کیا جاسکتا ہے۔ مگر فون کے اڈاپٹر کے برعکس لیپ ٹاپ چارجرز کافی وزنی اور بڑے ہوتے ہیں۔ ویسے تو اب کچھ نئے لیپ ٹاپس میں چھوٹے اڈاپٹرز بھی استعمال ہو رہے ہیں مگر بیشتر ماڈلز کے چارجرز کی کیبل کے وسط میں ایک سیاہ رنگ کی بھاری اینٹ جیسی ڈبیا لگی ہوتی ہے۔اس اینٹ کو اے سی اڈاپٹر کہا جاتا ہے جو کہ اے سی کرنٹ کو ڈی سی کرنٹ میں تبدیل کرنے کا کام کرتا ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ گھر کی بیشتر برقی مصنوعات کے برعکس لیپ ٹاپس ڈی سی کرنٹ پر کام کرتے ہیں۔مختلف کمپنیوں کے لیپ ٹاپس میں اے سی اڈاپٹر کی ساخت اور حجم مختلف ہوسکتا ہے مگر کام ایک ہی ہوتا ہے۔ یہ اڈاپٹر گھر کی بجلی کو لیپ ٹاپ کے استعمال کے قابل توانائی میں تبدیل کرتے ہیں یا یوں کہہ لیں کہ ان کی بدولت لیپ ٹاپس کو درست ٹائپ کا کرنٹ دستیاب ہوتا ہے۔جب لیپ ٹاپ اڈاپٹر اے سی کرنٹ کو ڈی سی میں تبدیل کرتے ہیں تو کچھ توانائی حرارت کی شکل میں خارج ہو جاتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ لیپ ٹاپ چارجر اکثر بہت گرم محسوس ہوتے ہیں، خاص طور پر اس وقت اگر ان کو کافی دیر تک استعمال کیا جائے۔یہی وجہ ہے کہ چارجر کو استعمال کرتے ہوئے ایسی جگہ رکھنا چاہیے جہاں ہوا کا بہاؤ بہترین ہو تاکہ حرارت آسانی سے خارج ہو جائے۔