
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے لاہور کے علاقے شاہ پور کانجراں میں ملک کی سب سے بڑی ماڈل کیٹل مارکیٹ کا افتتاح کر دیا۔ وزیراعلیٰ نے مارکیٹ کا دورہ کیا اور وہاں فراہم کی گئی سہولتوں کا جائزہ لیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ مارکیٹ 74 ایکڑ پر مشتمل ہے جہاں 25 ہزار بڑے اور ڈیڑھ لاکھ چھوٹے جانور رکھنے کی گنجائش ہے۔ماڈل کیٹل مارکیٹ میں پہلی بار پنکھوں والے شیڈز، قرنطینہ سینٹر، ویٹرنری کلینک، مسجد، ٹک شاپ، بینک، اے ٹی ایم، رہائشی کمرے، لوڈنگ بیس، ٹرک سینٹر اور سلاٹر ہاؤس سمیت جدید سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔سی ای او تاثر احمد نے بریفنگ میں بتایا کہ اس سال مارکیٹ کے ٹھیکے سے 49 کروڑ روپے کا نقصان ہوا ہے۔ پچھلے سال کا ٹھیکہ 1 ارب 99 کروڑ روپے میں تھا، جبکہ اس سال یہ 1 ارب 50 کروڑ میں دیا گیا۔ مریم نواز نے منصوبے میں اچھی کارکردگی دکھانے والے افسران میں شیلڈز بھی تقسیم کیں۔ حکام نے بتایا کہ پنجاب کی دوسری ماڈل کیٹل مارکیٹ جھنگ میں قائم کی جائے گی۔