
پاکستان بھر میں عید الاضحیٰ 7 جون بروز ہفتہ کو منائی جائے گی۔ ذرائع رویت ہلال کمیٹی کے مطابق ملک بھر میں ذی الحج کا چاند کہیں نظرنہیں آیا اور پاکستان میں عیدالاضحیٰ 7جون بروز ہفتہ کو ہوگی جبکہ حتمی اعلان کچھ دیر تک متوقع ہے۔منگل کو ذی الحج 1446 ہجری کا چاند دیکھنے کیلئے ملک بھر میں زونل اور ضلعی رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس متعلقہ مقامات پر ہوئے جن میں چاند نظر آنے کے حوالے سے کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی۔ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا جس کی صدارت چیئرمین مولاناعبدالخبیرآزاد نے کی۔زونل رویت ہلال کمیٹی لاہور کے سربراہ مفتی محمد رمضان سیالوی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اجلاس میں مقتدر علماء اور کمیٹی ارکان شریک ہوئے اور لاہور میں چاند نظر آنے کا مقررہ وقت ختم ہوچکا جبکہ مقررہ وقت کے دوران چاند نظر آنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی۔