
پاک بحریہ نے پاکستان کی بڑی بندرگاہوں پرکسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لیے دوروزہ مشقیں منعقد کی گئیں، جن کا مقصد اہم بحری تنصیبات کے تحفظ کومزید مؤثربنانا تھا۔ بندرگاہوں کی حفاظتی مشقوں کا انعقاد پاک بحریہ کی کوسٹل کمانڈ کے زیراہتمام کیا گیا ہے،،ان مشقوں میں پاک میرینز،ایس ایس جی، نیوی کے بحری اور فضائی اثاثوں نے حصہ لیا۔ ان مشقوں کا بنیادی مقصد اہم بحرى تنصيات کے تحفظ کے لیے طریقہ کار، حربی حکمت عملی کو جانچنا اور مؤثر بنانا تھا۔ ان مشقوں میں پاک بحریہ کی مختلف یونٹس بشمول پاک میرینز، ایس ایس جی (این)، بحری اور فضائی اثاثہ جات نے مربوط كاروائیوں میں حصہ لیا۔مشق میں مختلف غیر روایتی خطرات اور حملوں کی صورت میں شرکت کرنے والی فورسز کے درمیان باہمی رابطے اور فوری ردعمل کی صلاحیتوں کو مزید بہتر بنانے پر توجہ دی گئی۔مشقوں کے دوران کمانڈر کوسٹ رئیر ایڈمرل فیصل امین نے مختلف بندر گاہوں کا دورہ کیا اورمشق کے مختلف مراحل کا مشاہدہ کیا۔ انہوں نے حصہ لینے والی یونٹس کی پیشہ ورانہ مہارت اور باہمی ہم آہنگی کو سراہا۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ ملکی بندر گاہوں اور بحری تنصیبات کا تحفظ نہ صرف قومی سلامتی بلکہ اقتصادی ترقی کے لیے بھی بے حد ضروری ہے۔یہ مشقیں اس امر کی عکاس ہیں کہ پاک بحریہ ہر قسم کے خطرات سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے اور ملکی سمندری سرحدوں کے دفاع کے لیے اپنی صلاحیتوں میں بتدریج جدت لا رہی ہے۔