
فیصل آباد کے علاقے سمن آباد میں واقع فائبر شیٹ کے گودام میں اچانک آگ بھڑک اُٹھی، جس کے نتیجے میں دو افراد جھلس کر جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق گودام میں فائبر شیٹ تیار کرنے والی دکان کے اندر ویلڈنگ کا کام جاری تھا، جس کے دوران چنگاریوں سے آگ بھڑکی اور دیکھتے ہی دیکھتے پورے گودام کو لپیٹ میں لے لیا۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی فائربریگیڈ کی چار گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں اور آگ بجھانے کی کوششوں میں مصروف ہو گئیں۔ ریسکیو ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے جھلسے ہوئے افراد کو اسپتال منتقل کیا، جہاں دو افراد کی موت کی تصدیق کر دی گئی، جب کہ ایک زخمی زیر علاج ہے۔