
کراچی سعود آباد سے لاپتہ ہونے والا مدرسے کا طالب علم عبد الباسط اپنے آبائی گھر گوادر بلوچستان پہنچ گیا۔
جماعت اسلامی کے رہنما اور رکن بلوچستان اسمبلی مولانا ہدایت الرحمان کا بیٹا 13 سالہ عبد الباسط کراچی سعود آباد کے مدرسے میں زیر تعلیم ہے۔
گزشتہ روز مدرسے سے نکلا تھا اور چھٹی کے ایام اپنے رشتہ داروں کے ہاں اورنگی ٹائون خیر آباد میں گزارتا تھا لیکن وہ گھر نہ پہنچاتھا جس کے باعث اہل خانہ کو تشویش ہوئی۔
عبدالباسط کے قریبی عزیز علی نے بتایا کہ تلاش کرنے پر کوئی سراغ نہ ملنے پر سعود آباد تھانے میں عبد الباسط کی گمشدگی کا مقدمہ درج کروایا گیا، تاہم بدھ کو عبد الباسط باحفاظت اپنے آبائی گھر گوادر پہنچ گیا۔
واضح رہے عبد الباسط کے لاپتہ ہونے پر وزیر اعلیٰ سندھ نے نوٹس لیتے ہوئے پولیس کو فوری کارروائی کی ہدایت کی تھی۔
ایم پی اے گوادر مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے کہا ہے کہ الحمد للہ میرا فرزند عبدالباسط بخیر و عافیت گھر پہنچ گیا۔
انہوں نے کہا کہ اس مشکل وقت میں جن جن لوگوں نے میرے بیٹے کی تلاش میں کسی بھی قسم کی مدد کی اور دعا کا اہتمام کیا ان کا خصوصی شکریہ ادا کرتا ہوں خصوصاً وزیراعلیٰ بلوچستان، وزیراعلیٰ سندھ اور ایس ایس پی کورنگی کراچی، جماعت اسلامی و حق دو تحریک کے تمام ذمہ داران کا جنہوں نے اس سلسلے میں مسلسل رابطہ کیا اور مکمل تعاون کا اظہار کیا۔