
معروف اداکار نعمان اعجاز نے حالیہ مہنگی بجلی اور یونٹس کے کھیل پر طنز کرتے ہوئے کہا ہے کہ 200 یونٹ والی بدمعاشی کو ختم کیا جائے۔ پاکستان میں بجلی کے نرخوں میں آئے دن ہونے والا اضافہ جہاں عام شہریوں کے لیے دردِ سر بنا ہوا ہے، وہیں اب اس پر شوبز شخصیات بھی آواز اٹھانے لگی ہیں۔ ملک بھر میں گرمی کی شدت بڑھنے کے ساتھ ہی بجلی کی لوڈشیڈنگ اور اضافی نرخوں نے عوام کی مشکلات دوگنی کر دی ہیں۔گھروں میں میٹر کی سوئیاں تیزی سے دوڑتی ہیں تو عوام کے دل کی دھڑکن بھی تیز ہو جاتی ہے۔اور ہر بل کے ساتھ یہ سوال ذہن میں گونجتا ہے کہ آخر کب تک یہ سلسلہ چلے گا۔اسی ماحول میں نیپرا نے حال ہی میں گھریلو صارفین کے لیے بجلی کے ٹیرف میں نئی تبدیلیوں کا اعلان کیا ہے۔