
گوادر کے کھلے سمندر میں کشتی ڈوبنے کے بعد کیے جانے والے ریسکیو آپریشن میں مزید 4 ماہی گیروں کی لاشوں کونکال لیاگیا، ایک ماہی گیرکی نمازِ جنازہ کراچی میں علی اکبر شاہ گوٹھ کے قبرستان میں ادا کی گئی ہے۔
گوادر کے کھلے سمندر میں ماہی گیروں کی کشتی ڈوبنے کے واقعہ میں لاپتا ماہی گیروں کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن تیسرے روز بھی جاری رہا، پاکستان فشر فوک فورم کے مطابق ریسکیو ٹیموں کو آج مزید چار ماہی گیروں کی لاشیں ملی ہیں جبکہ گزشتہ روز ایک لاش نکالی گئی تھی، مذکورہ واقعے میں ایک ماہی گیر زندہ بچ گیا تھا جو اس وقت اسپتال میں زیرعلاج ہے۔
ڈوبنے والے 2 ماہی گیروں کی لاشیں کراچی منتقل کردی گئی ہیں جبکہ 3 لاشیں گوادر میں ایدھی سرد خانے میں موجود ہیں، کراچی لائی گئی ایک ماہی گیر کی لاش ابراہیم حیدری، علی اکبر شاہ گوٹھ میں ورثا کے حوالے کی گئی، علی اکبر شاہ گوٹھ کے قبرستان میں ماہی گیر کی نمازِ جنازہ ادا کی گئی، نماز جنازہ میں سیاسی و سماجی رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔
غمزدہ خاندانوں کا کہنا ہے کہ حکومت کو ماہی گیروں کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کرنا ہوں گے۔ واضح رہے کے کشتی میں 6 ماہی گیر سوار تھے جن میں سے ایک زندہ بچا جبکہ 5 لاشیں سمندر سے نکال لی گئیں۔