
بلوچستان کے ضلع ژوب کے علاقے سمبازہ میں سکیورٹی فورسز نے کارروائی کے دوران بھارتی فنڈڈ فتنہ الخوارج کے 33 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی حمایت یافتہ خوارج نے 7 اور 8 اگست کی رات کو افغان سرحد سے دراندازی کی کوشش کی جسے سکیورٹی فورسز نے ناکام بناتے ہوئے 33 خوارج کو ہلاک کردیا۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ مارے گئے خوارج کے قبضے سے بھاری اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز سرحدوں کے دفاع اور بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔
دریں اثنا وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے خوارج کے خلاف کامیاب کارروائی پر اظہارِ اطمینان کرتے ہوئے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں دشمن کی دراندازی کی کوشش ناکام بنا کر قوم کا سر فخر سے بلند کیا۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام امن دشمنوں کے خلاف متحد ہیں، بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے، سکیورٹی فورسز کا بروقت اور مؤثر ایکشن قابلِ فخر ہے، دہشت گردوں کے سہولت کار بھی قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکیں گے، بلوچستان کے امن اور خوشحالی کی راہ میں کھڑی ہر رکاوٹ کو مٹا دیں گے۔