
رحمت للعالمین، خاتم النبیین حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی ولادت باسعادت کا جشن ملک بھر میں مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جارہا ہے۔
دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔ مساجد میں نماز فجر کے بعد امت مسلمہ کے اتحاد، ملکی سلامتی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
ملک کے مختلف شہروں کی گلیوں، محلوں اور بازاروں کو خوبصورت روشنیوں، برقی قمقموں اور سبز جھنڈیوں سے سجا دیا گیا ہے جبکہ سرکاری و نجی عمارتوں پر بھی چراغاں کیا گیا ہے۔جلوسوں کا اہتمام اور درود و سلام کی محفلوں میں آقا ئے دو جہاں سے محبت کا اظہار کیا جارہا ہے۔
کراچی میں گورنر ہاؤس میں میلاد کی محفل سجائی گئی اس موقع پر گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ حضور اکرم ﷺ کی سیرت طیبہ انسانیت کے ہر شعبے میں کامل رہنمائی فراہم کرتی ہے۔ لاہور، کوئٹہ، پشاور، اسلام آباد اور دیگر شہروں میں بھی خصوصی محافل اور ریلیوں کا انعقاد کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ ہمیں نسل نو کو سیرت طیبہ سے روشناس کرانا ہے تاکہ وہ امن، بھائی چارے اور علم و تحقیق کی راہوں پر گامزن ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو حقیقی معنوں میں اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے لیے ہمیں نبی اکرم ﷺ کے سنہری اصولوں پر عمل کرنا ہوگا۔
صدر آصف زرداری نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ یہ دن امت مسلمہ کے لیے خوشی اور عقیدت کا دن ہے، بارہ ربیع الاول ہماری زندگیوں کو سیرت نبویﷺ کے مطابق ڈھالنے کے عہد کا دن ہے، نبی کریمﷺ کی تعلیمات پر عمل کر کے ہم ایک مثالی معاشرہ تشکیل دے سکتے ہیں۔