
ملک بھر میں آج یومِ دفاع و شہداء قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جارہا ہے، دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی اور نمازِ فجر کے بعد خصوصی دعاؤں سے ہوا۔
یومِ دفاع کے موقع پر مزارِ قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی جس میں پاکستان ایئرفورس اکیڈمی اصغر خان کے چاک و چوبند دستے نے مزار قائد پر گارڈز کے فرائض سنبھال لیے ہیں۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی ایئر وائس مارشل شہریار خان تھے۔ انہوں نے مزار قائد پر پھول رکھے اور مہمانوں کی کتاب میں تاثرات بھی قلمبند کیے اور پی اے ایف دستے کا معائنہ بھی کیا ہے۔
تقریب سے خطاب میں ایئر وائس مارشل شہریار خان نے کہا کہ 6 ستمبر ہمیں اس دن کی یاد دلاتا ہے جب قوم نے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا۔ آپریشن بنیان المرصوص نے اس دن کی یاد تازہ کی ہے اگلی بار اسکور 0-6 تک محدود نہیں ہوگا بلکہ 0-60 ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے محافظ ہر لمحہ تیار اور چوکس ہیں۔ قائداعظمؒ نے ہمیں ایمان، اتحاد اور قربانی کا درس دیا ہم ان کے نظریات کے امین ہیں۔
ایئر وائس مارشل کا کہنا تھا کہ پاک فضائیہ نے جنگی محاذ کے ساتھ ساتھ امن کے دنوں میں بھی عوام کو کبھی مایوس نہیں کیا، قدرتی آفات، ریسکیو آپریشنز اور عالمی سطح پر پیس مشنز میں بھی پاک فضائیہ نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔
ایئر وائس مارشل نے کہا کہ وطن کے دفاع کے لیے ہم سیسہ پلائی دیوار بنے رہیں گے، دشمن کی کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی فضائی حدود کا دفاع پاک فضائیہ کے مضبوط ہاتھوں میں ہے۔